0
Sunday 27 Oct 2019 18:35

میاں نواز شریف کی رہائی خوش آئند ہے، اعجاز ہاشمی

میاں نواز شریف کی رہائی خوش آئند ہے، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے روکنے کی کوششوں کے باوجود آزادی مارچ کراچی سے چل پڑا ہے۔ جس میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی رہائی خوش آئند ہے مگر اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل رہبر کمیٹی کے فیصلے کے مطابق آزادی مارچ اپنی منزل کی طرف اسی شدو مد سے جاری رہے گا۔ لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہر ضلع سے جے یو پی کے کارکن آزادی مارچ کا استقبال کریں گے اور اس میں شامل ہوں گے۔ اسلام آباد میں بھر عوامی قوت کا مظاہرہ ہوگا۔ حکومت کسی زعم میں نہ رہے اور نہ ہی کسی مسخرے کی باتوں کو عوام سنجیدگی سے لیتے ہیں، جو ہر ماہ اگلے تین ماہ کی پیشین گوئی کرکے پھر بھول جاتا ہے کہ گزشتہ ٹی وی شو میں کیا کہا تھا۔

پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے، تحریک انصاف کو اقتدار میں لایا گیا۔ اب سلیکٹرز کو بھی سمجھ آنا شروع ہو گئی ہے کہ ان سے غلطی ہوئی۔ انہیں جمہوری قوتوں کا ساتھ دینا چاہیے، سیاست میں کسی کو مداخلت کا حق نہیں ہونا چاہیئے، انتخابات سے پہلے سیاسی جماعتوں کو توڑا گیا، پولنگ سے پہلے اور بعد منظم دھاندلی کی گئی حتیٰ کہ امیدواروں کے ٹکٹ واپس کروائے گئے، آئین پر عمل ہوتا تو سیاسی عدم استحکام پیدا نہ ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب انتقام بن چکا ہے، نیب کو سیاسی وابستگیاں تبدیل اور سیاسی مخالفین کو دبانے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات قائم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے انتقام کا نشانہ صرف اپوزیشن جماعتیں ہو رہی ہیں جبکہ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے رہنماوں سے رعایت برتی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 824243
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش