QR CodeQR Code

کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا جن بے قابو ہو چکا، خرم شیر زمان

27 Oct 2019 18:58

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے رینجرز کو خصوصی اختیارات دیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کراچی میں اسٹیڈیم روڈ پر نجی اسپتال کے قریب اپنے اہل خانہ کے ساتھ راہ زنی کے واقعے کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا جن بے قابو ہو چکا ہے، اس سے قبل بھی میرے اہل خانہ کے ساتھ یہ واقعہ کلفٹن میں پیش آیا تھا، کراچی میں یومیہ سینکڑوں واقعات پیش آرہے ہیں، مگر سندھ حکومت اور پولیس کی جانب سے کوئی بھی اقدامات نہیں کیے گئے۔ یہ باتیں انہوں نے نیوٹاؤن تھانے میں اہل خانہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ درج کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ اگر سندھ رینجرز 2015ء میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو مؤثر انداز میں بحال کر سکتی ہے، تو حکومتِ سندھ نے پولیس کے شعبے کو اسٹریٹ کرائمز کا مقابلہ کرنے کے قابل کیوں نہیں بنا سکی۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ پولیس شہر میں جرائم کی روک تھام اور خاتمے میں ناکام ہو چکی ہے، شہری اپنے مال و زر کا روزانہ کی بنیاد پر نقصان اٹھا رہے ہیں، مگر سندھ پولیس اور حکومت سندھ اپنی ازلی بے حسی سے باز نہیں آرہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ سندھ جو کہ صوبے کے وزیر داخلہ بھی ہیں، وہ فوری طور پر کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے رینجرز کو خصوصی اختیارات دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر داخلہ سے درخواست ہے کہ شہر کراچی میں بڑھتے اسٹریٹ کرائم کا نوٹس لیں۔


خبر کا کوڈ: 824249

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/824249/کراچی-میں-اسٹریٹ-کرائمز-کا-جن-بے-قابو-ہو-چکا-خرم-شیر-زمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org