QR CodeQR Code

شاہد خاقان عباسی کو بھی اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ

28 Oct 2019 10:41

ذرائع نے بتایا کہ میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ جیل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی کا معائنہ کیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کے گردے اور مثانے میں پتھری کی شکایت ہے۔ 


اسلام ٹائمز۔ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بعد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اسپتال منتقلی کا فیصلہ علاج معالجے کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ جیل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی کا معائنہ کیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کے گردے اور مثانے میں پتھری کی شکایت ہے۔ ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم کا معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ نے ان کا ہرنیے کا آپریشن کرنے کی بھی سفارش کی ہے، شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے لیے اسلام آباد کے ایک نجی اسپتال میں منتقل کیا جائے گا۔

اسپتال میں داخل کرنے کے بعد ان کے مزید ٹیسٹس بھی کیے جائیں گے، غالب امکان ہے کہ آئندہ ہفتے سابق وزیراعظم کو اسپتال منتقل کردیا جائے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس ضمن میں جیل حکام نے متعلقہ حکام سے رابطہ بھی کرلیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے قبل سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا ہے تاکہ انہیں ضروری علاج معالجے کی سہولتیں بہم پہنچائی جا سکیں۔ پی ایم ایل (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کو بھی جیل سے اپنے والد کی عیادت کے لیے اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔ پی پی پی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کو بھی علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 824300

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/824300/شاہد-خاقان-عباسی-کو-بھی-اسپتال-منتقل-کرنے-کا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org