0
Monday 28 Oct 2019 15:54

ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی خبر قابل اعتماد نہیں، روس

ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی خبر قابل اعتماد نہیں، روس
اسلام ٹائمز۔ امریکیوں کے اس دعوے کے باوجود کہ وہ روس کی مدد سے داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کو قتل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، روسی کریملن پیلیس نے بھی داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کی امریکیوں کے ہاتھوں موت کی خبر کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق روسی صدارتی محل کریملن پیلیس کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے امریکی حملے میں داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کے مارے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا ہے کہ اس حوالے سے روسی وزارت خارجہ کے ترجمان ایگور کوناشنکوف کے بیان کو مدنظر رکھا جائے۔

گزشتہ روز روسی وزارت خارجہ کے ترجمان ایگور کوناشنکوف نے امریکی حملے میں داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کے مارے جانے کے حوالے سے کہا تھا کہ جیسا کہ ابوبکر البغدادی کے مارے جانے کے حوالے سے قابل اطمینان ثبوت موجود نہیں اور اس آپریشن میں شریک ہر ایک فریق کا بیان دوسرے سے الگ ہے لہذا یہ سارا معاملہ مشکوک ہے۔ روسی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ترکی کے زیر کنٹرول شامی صوبے ادلب کے اندر بنائے گئے "سیف زون" میں داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کے خلاف ہونے والے اس امریکی آپریشن کے کامیابی کیساتھ مکمل ہونے کے بارے میں تاحال کوئی قابل اطمینان ثبوت فراہم نہیں کیا گیا جبکہ اس آپریشن میں شرکت کرنے والے کئی ایک ممالک کے ایکدوسرے کے ساتھ منافی بیانات اس آپریشن کی حقیقت اور اسکی کامیابی میں شکوک و شبہات پیدا کر رہے ہیں۔

روسی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس امریکی دعوے میں موجود شکوک و شبہات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلی تو بات یہ ہے کہ ادلب میں بنائے گئے "سیف زون" کے اندر ہفتے کے روز سے لے کر اب تک کسی امریکی جہاز یا بین الاقوامی اتحاد کیطرف سے کوئی ہوائی حملہ ریکارڈ نہیں کیا گیا اور دوسری بات یہ کہ ادلب کی فضائی حدود میں کسی امریکی ایئرکرافٹ کی پرواز کا ڈیٹا ہمارے پاس موجود نہیں اور سب سے بڑھ کر تیسری بات یہ کہ شام میں شامی افواج کے زیر کنٹرول علاقے کے علاوہ تمامتر علاقہ جبہۃ النصرہ نامی دہشتگرد گروہ کے کنٹرول میں ہے جو شام پر تسلط حاصل کرنے کیلئے داعش کو اپنا دشمن سمجھتی ہے اور کئی مرتبہ اس کے ساتھ جنگیں لڑ چکی ہے (لہذا ابوبکر البغدادی کیسے اس علاقے میں چھپ سکتا ہے؟)۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ دوسری طرف امریکی میڈیا پورے زور و شور کیساتھ یہ دعوی کرتا نظر آ رہا ہے کہ روس نے امریکی ایئرکرافٹس کو ادلب تک پہنچنے کیلئے اپنے ایئرڈیفنس سسٹم کی فضائی حدود میں سے گزرنے کی اجازت دیدی تھی جبکہ امریکی حکام نے بھی اس حوالے سے روس کا شکریہ ادا کیا تھا۔ علاوہ ازیں روسی پارلیمنٹ کے بین الاقوامی امور کمیشن کے سربراہ کنستانین کاساچیف نے بھی ابوبکر البغدادی کے مارے جانے کے امریکی دعوے کو "شرمناک" قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پانچویں بار ہے کہ امریکی حکام داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کی موت کا جھوٹا دعوی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز نیوزویک نامی انگریزی اخبار نے پنٹاگون سے نقل کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ہفتے کے روز شامی شہر ادلب کے شمال مغرب میں امریکی ہیلی کاپٹروں کے ایک حملے میں داعش کا سرغنہ ابوبکر البغدادی مارا گیا ہے جس کے بعد سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اپنی تقریروں میں بارہا یہی دعوی کر چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 824359
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش