0
Monday 28 Oct 2019 21:21

ہم اپنے کارکنان میں شعور بیدار کرنے کے ساتھ انکی اخلاقی تربیت بھی کررہے ہیں، مصطفیٰ کمال

ہم اپنے کارکنان میں شعور بیدار کرنے کے ساتھ انکی اخلاقی تربیت بھی کررہے ہیں، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی واحد جماعت ہے جو اپنے کارکنان میں شعور بیدار کرنے کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت بھی کررہی ہے تاکہ آگے چل کر اس سے وابستہ ہر شخص معاشرے کا ایک بہتر اور کارآمد فرد بن سکے، کراچی کے ہر شہری کو چاہیئے کہ وہ اپنی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر پی ایس پی کے تحت منعقد ہونے والے تربیتی اجتماعات میں شرکت کرے اور بہتر معاشرے کی تشکیل کے لئے اٹھائے گئے اس عملی قدم میں ہمارا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس کے باہر منعقدہ کارکنان کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں پارٹی ذمہ داران کی بڑی تعداد موجود تھی۔ قبل ازیں صدر سندھ کونسل پی ایس پی و سابق رکنِ صوبائی اسمبلی شبیر احمد قائم خانی نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی اور سرحدی محاذوں پر ملک دشمن قوتوں سے نبرد آزما ہے اور پوری قوم کو ان بحرانوں سے نکلنے کے لئے اپنا عملی کردار ادا کرنا ہوگا، تاجروں کا فرض ہے وہ ٹیکس دیں جبکہ حکمران یہ یقینی بنائیں کہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے ان ہی پر خرچ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن، فریب جھوٹ اور دھوکا دہی جیسی معاشرتی برائیاں ہمارے معاشرے میں تیزی سے پروان چڑھ رہی ہیں جو ہماری معاشرتی اور اخلاقی اقدار کو نیست و نابود کر رہی ہیں، ہمیں نئی آنے والی نسل کو صحیح سمت دینے کی ضرورت ہے، پاکستان میں مسائل حل کرنے کے لئے وسائل کی کمی نہیں بلکہ اہلیت اور کردار کی کمی ہے، ہم بحیثیت قوم سچ نہ بولتے ہیں نہ بولنے والے کا ساتھ دیتے ہیں، نہ اپنا کردار بلند رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، نہ بلند کردار والوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، ہمارے معاشرے میں برداشت کا فقدان ہے، ہم دوسرے کی صحیح بات بھی اس لئے نہیں سنتے کے اس پر عمل کریں بلکہ اس پر تنقیدی رائے دینے اور بولنے والے کی کردار کشی کرنے کے لئے سنتے ہیں، پھر ہمیں گھر بیٹھے تمام مسئلے حل کرانے ہوتے ہیں، ہم اپنے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد تو درکنار، عملی طور پر آواز بھی بلند نہیں کرتے۔
خبر کا کوڈ : 824414
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش