QR CodeQR Code

جارح سعودی اتحاد کا یمن کے شمالی علاقہ جات میں 40 مقامات پر ہوائی حملہ

29 Oct 2019 00:05

یمنی شہری آبادی پر جارح سعودی اتحاد کیطرف سے یہ حملے ایک ایسے وقت کئے جا رہے ہیں جب یمن کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفہیس جنگ بندی کیلئے انصاراللہ کیساتھ مذاکرات کی خاطر اتوار سے یمنی دارالحکومت صنعاء میں موجود ہیں جبکہ یمنی انقلابی کونسل کے سربراہ مہدی المشاۃ 1 ماہ قبل اپنے اوپر مسلط کردہ سعودی جنگ کے خاتمے کیلئے یکطرفہ طور پر جنگ بندی کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ یمنی افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے شمالی علاقوں پر 40 مرتبہ بمباری کی ہے۔ یحیی سریع کا کہنا تھا کہ جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیارے یمنی صوبوں "صعدہ" اور "حجہ" کو اپنے ہوائی حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

علاوہ ازیں جارح سعودی اتحاد نے متعدد یمنی شہروں کو اپنے توپخانے اور مارٹر گولوں کے حملوں کا نشانہ بھی بنایا ہے جن سے یمنی سرحدی شہر "رازح" کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے اور اس میں موجود متعدد سکولز اور شہری آبادی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں سعودی اتحاد کے توپ خانے اور مارٹر گولوں نے یمنی صوبے الحدیدہ کی "التحیتا" اور "الدریہمی" نامی آبادیوں کو بھی اپنا نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ یمنی شہری آبادی پر جارح سعودی اتحاد کیطرف سے یہ حملے ایک ایسے وقت کئے جا رہے ہیں جب یمن کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفہیس جنگ بندی کیلئے انصاراللہ کیساتھ مذاکرات کی خاطر اتوار سے یمنی دارالحکومت صنعاء میں موجود ہیں جبکہ یمنی انقلابی کونسل کے سربراہ مہدی المشاۃ 1 ماہ قبل اپنے اوپر مسلط کردہ سعودی جنگ کے خاتمے کیلئے یکطرفہ طور پر جنگ بندی کا اعلان بھی کر چکے ہیں لیکن جارح سعودی اتحاد کی جانب سے یمن پر مسلسل ہوائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔


خبر کا کوڈ: 824431

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/824431/جارح-سعودی-اتحاد-کا-یمن-کے-شمالی-علاقہ-جات-میں-40-مقامات-پر-ہوائی-حملہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org