0
Tuesday 29 Oct 2019 09:48

منبر و محراب سے امن و ہم آہنگی کا پیغام جانا خوش آئند ہے، بی اے ناصر

منبر و محراب سے امن و ہم آہنگی کا پیغام جانا خوش آئند ہے، بی اے ناصر
اسلام ٹائمز۔ سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے کہا ہے کہ فروعی اختلافات کو ملی یکجہتی میں آڑے نہیں آنا چاہیئے۔ منبر و محراب سے امن و ہم آہنگی کا پیغام جانا خوش آئند ہے۔ آج یہاں اپنے دفتر میں مفتی سید عاشق حسین کی قیادت میں ضلعی امن کمیٹی کے ارکان کے وفد سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ حساس مواقع پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے میں تمام مکاتب فکر کے علما کا بھی کردار ہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ محرم الحرام، چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنانے میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے پولیس کیساتھ بھرپور تعاون کیا۔ وفد میں مفتی سید عاشق حسین، حافظ کاظم رضا نقوی، علامہ محمد زبیر ورک اور علامہ شکیل الرحمان ناصر شامل تھے۔
 
وفد نے محرم الحرام، چہلم امام حسین علیہ السلام اور عرس داتا صاحب پر اعلیٰ سکیورٹی انتظامات پر لاہور پولیس کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے کہا کہ مسلمانوں کو جوڑنے کی طرف آنا ہوگا، ملک کو ملی یکجہتی اور ہم آہنگی کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، خوشی ہے کہ ضلعی امن کمیٹی لاہور کے تمام ارکان اس ضمن میں مثبت کردار ادا کرر ہے ہیں۔ اس موقع پر مفتی سید عاشق حسین نے کہا کہ گزشتہ برسوں کی نسبت لاہور پولیس نے اس بار محرم الحرام اور چہلم کے موقع پر زیادہ موثر اور مثالی اقدامات کئے۔ وفد کے ارکان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علمائے کرام عوام کی بہتری کیلئے پولیس سے تعاون کرتے رہیں گے۔ ملاقات میں ارکان امن کمیٹی کی طرف سے سی سی پی او کو ’’امن ایوارڈ‘‘ بھی پیش کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 824448
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش