0
Tuesday 29 Oct 2019 19:09
جمعیت علمائے اسلام (ف) کا آزادی مارچ

اسلام آباد میں ڈرون پہ پابندی، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

تمام ہسپتالوں کے ڈاکٹرز اور عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ
اسلام آباد میں ڈرون پہ پابندی، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کی آمد سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈرون کیمرے کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ڈرون کیمروں کا استعمال موجودہ صورتحال میں سکیورٹی کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے کیوں کہ اسے دہشت گردی کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ پابندی کا اطلاق دو مہینوں کے لیے کیا گیا ہے اور اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت کاروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب مارچ کے دوران کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے وفاقی دارالحکومت کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

شہر اقتدار کے تمام  ہسپتالوں کے ڈاکٹرز اور عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں جب کہ ایمرجنسی میں بیڈز خالی کروا دیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت میں کراچی سے شروع ہونے والا آزادی مارچ کل لاہور میں داخل ہو گا۔ قافلے کے شرکا رات گئے تک ملتان پہنچ جائیں گے، جہاں وہ قیام کریں گے۔ ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات جے یو آئی (ف) پنجاب مولانا سلیم اللہ قادری نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے شرکا آج رات ملتان پہنچ جائیں گے جہاں وہ قیام کریں گے۔ طے شدہ پروگرام کے مطابق شرکائے قافلہ صبح ملتان سے روانہ ہوں گے اور رات کو لاہور میں داخل ہوں گے۔ مارچ کا آخری پڑاؤ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 824543
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش