QR CodeQR Code

نااہل حکومت کی معیشت دشمن اور ناقص پالیسیوں سے آج تاجر سراپا احتجاج ہیں، مرتضیٰ وہاب

29 Oct 2019 20:35

سندھ اسمبلی بلڈنگ کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان حکومت سندھ نے کہا کہ دنیا بھر میں تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ان کے کاروبار کے پھیلاؤ کے لئے سہولیات دی جاتی ہیں تاکہ ملک اقتصادی طور پر ترقی کرسکے مگر تحریک انصاف کی حکومت رعونت کا شکار ہوچکی ہے، انہیں ملک کی معیشت سے زیادہ اپنی کرسی کی فکر لاحق ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کے ترجمان اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی معیشت دشمن اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک بھر کے  چھوٹے بڑے تاجر سراپا احتجاج ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی بلڈنگ کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق اگلے برس بھی معیشت کی بہتری کا کوئی امکان نہیں ہے جس کا اشارہ ملکی معیشت کے ادارے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ان کے کاروبار کے پھیلاؤ کے لئے سہولیات دی جاتی ہیں تاکہ ملک اقتصادی طور پر ترقی کرسکے مگر تحریک انصاف کی حکومت رعونت کا شکار ہوچکی ہے، انہیں ملک کی معیشت سے زیادہ اپنی کرسی کی فکر لاحق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے اور ملک میں کاروباری ماحول کو ناپید کیا جارہا ہے، ان حالات میں حکومت خود یہ چاہتی ہے کہ شٹر ڈاؤن ہڑتال ہو اور ملکی صورتحال مزید گھمبیر ہو جائے۔ مشیر قانون نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے وزراء کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی معیشت مکمل طور پر آئی ایم ایف کے کنٹرول میں ہے اور تاجروں کے جائز مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود بتادیں کہ آپ سے کس نے این آر او مانگا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ خود عمران خان نے ماضی میں آمروں سے این آر او کیلئے اور ان کی ہمشیرہ نے بھی این آر او کیا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی بھی این آر او مانگا اور نہ کبھی مانگے گی۔ سمندری طوفان کے حوالہ سے صوبائی مشیر نے کہا کہ وفاقی وزیر بحری امور اور وفاقی ادارے اس ضمن میں خاموش اداکار بنے ہوئے ہیں انہیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے جبکہ سندھ حکومت مکمل مستعدی سے سمندری علاقوں میں ریسکیو کا کام جانفشانی سے کررہی ہے۔ جمیعت علمائے اسلام کے آزادی مارچ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کیا تحریک انصاف والے اپنا ایک سو چھبیس دن کا دھرنا بھول گئے ہیں، آزادی مارچ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کی مشترکہ آواز ہے جو حکومتی پالیسیوں سے اس قدر تنگ آچْکے ہیں کہ آج احتجاج کے لئے سڑکوں پر جمع ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے اور اپوزیشن کے پاس احتجاج کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 824564

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/824564/نااہل-حکومت-کی-معیشت-دشمن-اور-ناقص-پالیسیوں-سے-آج-تاجر-سراپا-احتجاج-ہیں-مرتضی-وہاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org