0
Wednesday 30 Oct 2019 09:21

جب تک قوم کا پیسہ لٹیروں سے نکلوا نہیں لیتے یہ جیلوں میں ہی رہیں گے، شوکت یوسفزئی

جب تک قوم کا پیسہ لٹیروں سے نکلوا نہیں لیتے یہ جیلوں میں ہی رہیں گے،  شوکت یوسفزئی
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ جب تک قوم کا پیسہ لٹیروں سے نکلوا نہیں لیتے یہ جیلوں میں ہی رہیں گے۔ نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ آزادی مارچ میں شرکت کے لیے جانے والے کسی فرد کو نہیں روکا جا رہا، مولانا فضل الرحمان جتنے مرضی لوگ لے جائیں ان کی اصل تعداد کا معلوم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سمجھ نہیں آتی مولانا فضل الرحمان کا کون سا مینڈیٹ تھا جو چوری ہو گیا، ان کو تو کبھی مینڈیٹ ملا ہی نہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے 15 لاکھ کا دعویٰ کیا تھا لیکن اسلام آباد پہنچنے کے بعد سب حقیقت سامنے آ جائے گی۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ آزادی مارچ میں حزب اختلاف کی تمام جماعتیں شامل ہیں اور ان کے پاس کوئی ایجنڈا ہی نہیں ہے کہ یہ کیوں آزادی مارچ کر رہے ہیں۔ اگر یہ کہتے ہیں دھاندلی ہوئی ہے تو جن حلقوں کی بات کریں گے ہم تو کھولنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کی خدمت سب سے زیادہ وزیر اعظم عمران خان نے کی ہے اور اسلامی تعلیمات کو فروغ دے رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں سودی نظام کے خلاف اسمبلی میں ہم بل لے کر آئے۔ وزیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ حزب اختلاف اگر جمہوریت پسند ہیں تو یہ جمہوریت کا راستہ اپناتے اور ایوان میں بات کرتے یا پھر عدالت جاتے۔ پی ٹی آئی نے تو اپنے دھرنے سے پہلے باقاعدہ مہم چلائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے قوانین تو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ہی بنائے ہوئے اور موجودہ حکومت نے کوئی ردو بدل نہیں کیا جبکہ مقدمات بھی دونوں جماعتوں نے اپنے دور میں ایک دوسرے کے خلاف بنائے تھے۔ نیب اس وقت مکمل طور پر آزاد ہے اور وہ اپنا کام کر رہی ہے حکومت اس میں کوئی مداخلت نہیں کر رہی۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جب تک قوم کا کھایا ہوا پیسہ سابق حکمرانوں سے نکال نہیں لیتے یہ اس وقت تک جیلوں میں رہیں گے انہوں نے اس قوم کا پیسہ لوٹا ہے۔
خبر کا کوڈ : 824614
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش