0
Wednesday 30 Oct 2019 09:38
یہ نہ صرف ناجائز بلکہ نالائق حکومت ہے

اسلام آباد پہنچ کر جعلی حکمرانوں کو گرا کر رہیں گے، فضل الرحمان

اسلام آباد پہنچ کر جعلی حکمرانوں کو گرا کر رہیں گے، فضل الرحمان
اسلام ٹائمز۔ لاہور پہنچنے پر ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں استقبال کرنیوالوں سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ اسلام آباد پہنچ کر جعلی حکمرانوں کو گرا کر رہے گا، حکمران عوام کے جوش و جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے خود ہی مستعفی ہو جائیں اور ووٹ کی امانت واپس قوم کے حوالے کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کا شکر گزار ہوں، ہمیں قومی یکجہتی کیساتھ آگے بڑھ کر اپنے مقاصد کو حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ پاکستان کی سلامتی اور جعلی حکومت کو مسترد کرنے کی علامت بن چکا ہے، وزیراعظم کو چاہئے کہ مارچ کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی مسقفی ہو جائیں اور ووٹ کا استحقاق بحال کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مارچ عمران خان کو اسلام آباد سے نکال باہر کرے گا۔ بعد ازاں وہ دو بجے شب مولانا ٹھوکر نیاز بیگ سے نعروں کی گونج میں روانہ ہوگئے۔ وہاں سے مولانا یتیم خانہ چوک پہنچے جہاں خطاب کرنے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم کو پھر وارننگ دی کہ وہ فوری مستعفی ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے اسلام آباد تک قوم یکسو ہے کہ عمران خان اقتدار چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معیشت تباہ کر دی ہے اور اسلام سے بھی ان کو خطرہ ہے۔ مولانا نے کہا کہ وزیر اعظم کے پاس اب بھی مہلت ہے کہ وہ مستعفی ہو جائیں اور بھیانک انجام سے بچیں۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مقاصد کیلئے احتساب کا ڈھونگ رچایا جارہا ہے، مہنگائی حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے، ہم پاکستان کی سلامتی، آئین کی عملداری کا سفر کر رہے ہیں۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج قومی قیادت جیلوں میں ہے، میاں نواز شریف زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں، احتساب کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے، آزادی مارچ پوری قوم کی طرف سے احتساب کو مسترد کرتا ہے، اسلام آباد پہنچ کر آزادی کا جشن منائیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم آئین کو مقدس سمجھتے ہیں، اگر آئین کو توڑا جائے گا تو ملک کی سلامتی کو خطرات لاحق ہونگے، پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کی معیشت تباہ کردی، نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے اور یہ آزادی مارچ ان کی ترجمانی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر سب کا اتفاق ہے کہ حکومت جعلی ہے، پاکستان میں عوام کے ووٹ پر ڈاکہ برداشت نہیں کریں گے، یہ اب میدان جہاد ہے اور ہم اس جہاد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، یہ نہ صرف ناجائز بلکہ نالائق حکومت ہے۔
خبر کا کوڈ : 824616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش