0
Wednesday 30 Oct 2019 13:02

ہائیکورٹ نے اینکرز کی ٹاک شوز میں شرکت پر پابندی عارضی طور پر ختم کردی

ہائیکورٹ نے اینکرز کی ٹاک شوز میں شرکت پر پابندی عارضی طور پر ختم کردی
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا اینکرز کے ٹی وی شوز میں بطور مہمان شرکت پر پابندی کے معاملے پر عدالت نے پیمرا سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے دس دسمبر کو جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے پیمرا کے ہدایت نامہ پر عملدرآمد بھی تاحکم ثانی روک دیا۔ جسٹس شاہد وحید نے سینئر صحافی عارف حمید بھٹی سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی۔ عارف حمید بھٹی سمیت دیگر سینئر اینکر پرسن عدالت پیش ہوئے۔ درخواست میں وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات اور پیمرا کو فریق بنایا گیا۔ وکیل پیمرا نے موقف اختیار کیا کہ اینکر عدالت میں زیر سماعت کیس پر ڈیل کی باتیں کرتے ہیں، جس پر جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دئیے کہ اسی کو تو ٹاک شو کہتے ہیں۔
 
درخواستگزاروں کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پیمرا نے 27 اکتوبر کو صحافیوں کے بطور تجزیہ کار دوسرے ٹی وی شوز میں شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پیمرا نے ٹی وی اینکرز کو شوز کیلئے ان کی مرضی کے مہمان بلانے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔ پیمرا ہدایت نامے میں صحافیوں کو اپنے ہی ٹی وی شو میں زیر بحث موضوع پر رائے دینے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ پیمرا کی جانب سے عائد کی گئی پابندی آئین کے آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی ہے، پیمرا کا ہدایت نامہ آئین کے آرٹیکل 9 سے بھی متصادم ہے۔ درخواستگزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ صحافیوں کے ٹی وی پروگرامز میں شرکت سے پابندی کا ڈائریکٹو غیر قانونی و غیر آئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے، مزید استدعا کی گئی درخواست کے حتمی فیصلے تک پیمرا کا ہدایت نامہ معطل کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 824647
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش