QR CodeQR Code

ناقص تعمیرات، کراچی میں 6.5 شدت کے زلزلے سے قیامت برپا ہوجائے گی

30 Oct 2019 13:52

آباد کے چئیرمین محسن شیخانی نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہر چند روز بعد ملک کے کسی نہ کسی علاقے میں زلزلہ آرہا ہے جبکہ کراچی زون ٹو میں واقع ہے اور اس شہر میں غیرقانونی تعمیرات اتنی غیر معیاری ہیں کہ وہ 6.5 شدت کے زلزلے کی صورت میں 10 لاکھ سے زائد افراد کو لقمہ اجل بناسکتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عروس البلاد کراچی وقت گزرنے کے ساتھ کنکریٹ کے بے ہنگم جنگل میں تبدیل ہوچکا ہے جب کہ شہر کے دامن میں سینکڑوں کی تعداد میں واقع کچی آبادیوں میں کئی کئی منزلہ تعمیرات کی بھرمار اور بنیادی قواعد و ضوابط سے کھلی روگردانی خطرے کی گھنٹی ہے۔ ماہرین کے مطابق مذکورہ عمارتیں ناقص تعمیرات کی وجہ سے 6.5 شدت کے زلزلے کو برادشت نہیں کر پائیں گی، اس گھمبیر صورتحال کے باوجود کچی آبادیوں میں غیر معیاری اور ناقص تعمیراتی سرگرمیاں دھڑلے سے جاری ہیں۔ سندھ میں سندھ بلڈنگ کنٹرول آرڈیننس مجریہ 1979ء کا قانون متعارف کرائے جانے کے باوجود تاحال نہ اس پر عمل درآمد کیا گیا ہے اور نہ ہی ایس بی سی آرڈیننس کی شقوں کے مطابق باقاعدہ تقرریاں کی گئی ہیں۔ ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے اس ضمن میں فوری ایکشن پلان ترتیب دیتے ہوئے آگاہی مہم کا آغاز کردیا ہے اور متعلقہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، وزیر بلدیات سندھ کو خطوط ارسال کردیئے ہیں جن میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ ایس بی سی او کے عدم نفاذ کے سبب کراچی اور صوبے بھر میں غیرقانونی اور غیر معیاری تعمیرات کے علاوہ کچی آبادیوں میں اضافے کا رحجان غالب ہے۔

خطوط کے مطابق ان تعمیر کردہ عمارتوں کی زندگی بمشکل 15 سے 25 سال ہوتی ہے جو خدانخواستہ کسی قدرتی آفت آنے کی صورت میں اس کی شدت برداشت کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتیں جن کی تباہی سے لاکھوں افراد کے لقمہ اجل بن جانے کا خطرہ ہے۔ اس ضمن میں آباد کے چئیرمین محسن شیخانی نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہر چند روز بعد ملک کے کسی نہ کسی علاقے میں زلزلہ آرہا ہے جبکہ کراچی زون ٹو میں واقع ہے اور اس شہر میں غیرقانونی تعمیرات اتنی غیر معیاری ہیں کہ وہ 6.5 شدت کے زلزلے کی صورت میں 10 لاکھ سے زائد افراد کو لقمہ اجل بناسکتی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 824668

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/824668/ناقص-تعمیرات-کراچی-میں-6-5-شدت-کے-زلزلے-سے-قیامت-برپا-ہوجائے-گی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org