0
Wednesday 30 Oct 2019 21:33

بچکانہ سیاست نے مہاجروں کو تنہا کر دیا، سلیم حیدر

بچکانہ سیاست نے مہاجروں کو تنہا کر دیا، سلیم حیدر
اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے غلط حکمت عملی اور بچکانہ سیاست نے مہاجروں کو تنہائی کی طرف دھکیل دیا ہے، مہاجر حکمرانوں کی ہاتھ کی چھڑی اور جیب کی گھڑی بنا دیئے گئے ہیں، سندھ کے مہاجر ہمیشہ جمہوری سیاسی تحریکوں میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا کرتے تھے، لیکن اب چند پیداگیروں نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے پوری قوم کو سیاسی عمل سے باہر کروا دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سلیم حیدر نے کہا کہ سندھ میں جس طرح صوبائی اور وفاقی حکومتیں مہاجروں کا استحصال کر رہی ہیں، اس کے بعد اب مہاجروں کو ہوش کے ناخن لینا چاہئے اور ایک ہی سوراخ سے بار بار ڈسے جانے کے عمل سے باہر آنا چاہئے، کیونکہ آج سندھ کے ڈھائی کروڑ مہاجر احساس محرومی کی انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔

سلیم حیدر نے کہا کہ مہاجر نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس، تاجر اور صنعتکار کاروباری ابتری کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کی شناخت کچرا بن چکی ہے، حکومتیں ملک کا 70 فیصد ٹیکس دینے والے کراچی کو 7 فیصد کی خیرات بھی دینے کو تیار نہیں ہیں، تعلیم سے لے کر ملازمتوں تک مہاجر نوجوان اپنے ہی شہر میں اجنبی بنا دیئے گئے ہیں اور اندرون سندھ کے پسماندہ علاقوں سے لاکر اُن متعصب اور راشی افسران کو کراچی میں لگایا گیا ہے، جو تعصب کی بنیاد پر مہاجر عوام کے جائز کام بھی بغیر کسی رشوت کے نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو پھر مہاجر سندھ کے شہری علاقوں میں ریڈ انڈین بن جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 824740
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش