0
Wednesday 30 Oct 2019 21:25

خیبر پختونخوا میں پولیو کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے، تعداد 59 ہوگئی

خیبر پختونخوا میں پولیو کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے، تعداد 59 ہوگئی
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں پولیو کے مزید 2 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں رواں سال 10 ماہ کے دوران پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 59 تک پہنچ گئی۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) خیبر پختونخوا کے مطابق پولیو کے حالیہ کیسز پائی ضلع ٹانک اور سرائے نورنگ ضلع لکی مروت سے رپورٹ ہوئے۔ ای او سی کے مطابق ضلع ٹانک میں 14 ماہ اور لکی مروت میں 9 ماہ کے بچے پولیو سے متاثر ہوئے اور دونوں ہی بچوں کو حفاظتی قطرے نہیں پلائے گئے تھے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق متاثرہ بچوں کے فضلے کے نمونوں کے لیبارٹری ٹیسٹ میں پولیو کی تصدیق ہوئی۔
صوبے بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 59 ہوگئی—فوٹو: سراج الدین
ای او سی کے مطابق رواں سال کے دوران خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد 59 ہوگئی ہے جس کی بڑی وجہ والدین کا بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے سے انکار ہے۔ کوآرڈینیٹر ای او سی عبدالباسط نے کہا کہ چیلنجز اور مشکلات کے باوجود حکومت پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے ہر بچے تک پہنچنا ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں والدین اور معاشرے کے تمام طبقات کا تعاون ناگزیر ہے۔ صوبے بھر سے رپورٹ کئے گئے 58 کیسز میں سے 23 ضلع بنوں سے، ضلع لکی مروت سے 12، ضلع شمالی وزیرستان سے 8، ضلع تورغر سے 7، ضلع ہنگو سے 2 اور چارسدہ، ڈیرہ اسمٰعیل خان، شانگلہ، باجوڑ، خیبر اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع سے ایک، ایک کیسز رپورٹ کئے گئے۔ دوسری جانب صوبہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ اور جامشورو سے مجموعی تعداد میں 9 کیسز سامنے آئے۔ صوبہ بلوچستان سے قلعہ عبداللہ، جعفرآباد، ہرنائی اور کوئٹہ کے اضلاع سے 7 کیسز، صوبہ پنجاب میں لاہور اور جہلم سے پولیو کے 5 کیسز رپورٹ کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 824764
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش