0
Thursday 31 Oct 2019 08:59
کارکن مولانا فضل الرحمان کیساتھ بھی ہاتھ کر گئے

سندھ سے تبلیغی جماعت کے کارکن مارچ کے ہمراہ لاہور پہنچے

سندھ سے تبلیغی جماعت کے کارکن مارچ کے ہمراہ لاہور پہنچے
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کا کراچی سے شروع ہونیوالا آزادی مارچ جب لاہور میں داخل ہوا تو اس میں شرکاء کی تعداد اچھی خاصی تھی لیکن جب یہی مارچ لاہور سے روانہ ہوا تو ہر شخص یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ اتنا بڑا مارچ سکڑ کر کیوں رہ گیا ہے؟ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج سے رائیونڈ اجتماع شروع ہو رہا ہے اور آزادی مارچ کے شرکاء کی بڑی تعداد نے لاہور میں حاضری لگوانے کے بعد اسلام آباد کے بجائے رائیونڈ کا رخ کرلیا۔ آزادی مارچ کے شرکاء جس طرح کی تیاریاں کرکے آ رہے تھے اس سے یہی لگتا تھا کہ وہ قیام و طعام کا مکمل انتظام کرکے آئے ہیں اور شاید اسلام آباد میں طویل دھرنا ہوگا لیکن جب شرکاء نے رائیونڈ کا رخ کیا تو لوگوں کو سمجھ آگیا کہ یہ تمام تر تیاریاں درحقیقت رائیونڈ میں ہونیوالے سالانہ تبلیغی اجتماع کیلئے تھیں۔

ہر سال کی طرح رواں برس بھی رائیونڈ اجتماع 2 حصوں میں ہوگا۔ پہلا مرحلہ31 اکتوبر آج نمازِ عصر کے بعد شروع ہوگا اور 3 نومبر اتوار کی صبح دعا کیساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ رائیونڈ اجتماع کا دوسرا مرحلہ 7 نومبر جمعرات کو شروع ہو کر 10 نومبر اتوار تک جاری رہے گا۔ تبلیغی جماعت نے پاکستان کو 18 حصوں میں تقسیم کر رکھا ہے جنہیں حلقے کہا جاتا ہے۔ ہر سال 9 حلقوں کا اجتماع ہوتا ہے اور رواں برس جن 9 حلقوں کا اجتماع ہو رہا ہے وہ بھی قابل غور ہے۔ اجتماع کے پہلے مرحلے میں 5 حلقوں کے لوگ رائیونڈ پہنچ رہے ہیں، ان میں سرگودھا، بنوں، راولپنڈی، دیر اور حیدر آباد کے حلقے شامل ہیں۔ اگر حیدر آباد حلقے کا جائزہ لیا جائے تو اس میں شکار پور، گھوٹکی، لاڑکانہ ، نواب شاہ، تھرپارکر، سکھر، ٹھٹہ، نوشہرو فیروز سمیت اندرون سندھ کے علاقے شامل ہیں۔ یہ وہی علاقے ہیں جن سے گزر کر آزادی مارچ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب لاہور میں داخل ہوا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ کے شرکاء نے سیاست اور مذہب کا حسین امتزاج تخلیق کیا۔ وہ سندھ سے اپنے سیاسی قائد مولانا فضل الرحمان کیساتھ پنجاب تک بھی آئے لیکن پھر اپنے مذہبی قائدین کے پاس رائیونڈ چلے گئے۔ مولانا فضل الرحمان مارچ کے شرکاء کی تعداد دیکھ کر حیران تھے تاہم لاہور سے نکلنے پر انہیں پتہ چلا کہ یہ شرکاء مارچ کے نہیں تھے بلکہ رائیونڈ اجتماع میں شرکت کیلئے آ رہے تھے۔ لاہور سے اسلام آباد مولانا فضل الرحمان چند گاڑیوں کا قافلہ لے کر ہی پہنچیں گے۔
خبر کا کوڈ : 824805
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش