QR CodeQR Code

کسی کا بھی لوڈڈ کنٹینر نہیں پکڑا جائےگا، اسلام آباد ہائی کورٹ

31 Oct 2019 11:59

عدالت نے درخواست گزار کی استدعا پر ڈی سی اسلام آباد کو حکم دیا کہ حکومت کسی کا کنٹینر پکڑے گی تو وہ اس کا نقصان پورا کرنے کا بھی ذمہ دار ہوگی، عدالت توقع کرتی ہے ڈی سی اسلام آباد قانون کےمطابق کام کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے آزادی مارچ کے لیے لوڈڈ کنٹینر نہ پکڑنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کسی کا کنٹینر پکڑے گی تو وہ اس کا نقصان پورا کرنے کا بھی ذمہ دار ہوگی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں آزادی مارچ کے پیش نظر کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ڈی سی اسلام آباد سے استفسار کیا کہ آپ نے جو کنٹینرز پکڑے ہیں، اس میں سامان بھی ہے؟ عدالت کے استفسار پر ڈی سی نے بتایا کہ ہم نے کوئی کنٹینرز نہیں پکڑے، پیپرا رولز کے تحت لاہور کی ایک پارٹی کنٹینرز فراہم کر رہی ہے، کنٹینرز کے حصول کیلئے 6 کروڑ روپے میں ٹینڈر جاری کیا گیا۔ عدالت نے درخواست گزار کی استدعا پر ڈی سی اسلام آباد کو حکم دیا کہ کسی کا بھی لوڈڈ کنٹینر نہیں پکڑا جائے گا اور حکومت کسی کا کنٹینر پکڑے گی تو وہ اس کا نقصان پورا کرنے کا بھی ذمہ دار ہوگی، عدالت توقع کرتی ہے ڈی سی اسلام آباد قانون کےمطابق کام کریں گے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مزید کہا کہ کسی کا کنٹینر آرٹیکل 18 کی خلاف ورزی کے تحت پکڑا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ بعد ازاں عدالت نے آزادی مارچ کے پیش نظر کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کے خلاف درخواست نمٹا دی۔
 


خبر کا کوڈ: 824848

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/824848/کسی-کا-بھی-لوڈڈ-کنٹینر-نہیں-پکڑا-جائےگا-اسلام-آباد-ہائی-کورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org