0
Thursday 31 Oct 2019 17:40

سانحہ لیاقت پور میں 74افراد جاں بحق اور 40کے قریب زخمی ہیں، شیخ رشید احمد 

سانحہ لیاقت پور میں 74افراد جاں بحق اور 40کے قریب زخمی ہیں، شیخ رشید احمد 
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تیزگام کی بوگی میں سلنڈروں کی موجودگی کی غلطی کو تسلیم کرتے ہیں استعفی کے بارے میں اتوار کو بات کروں گا، ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں کہ ٹرین حادثہ گیس سلنڈر کی وجہ سے ہوا، آرمی چیف نے زخمیوں کو ائیر ایمبولینس کے زریعے ملتان اور رحیم یار خان منتقل کیا ورنہ اموات 100ہو سکتی تھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحیم یار خان سے ملتان پہنچنے پر میڈیا سے بات چیت میں کیا کمشنر ملتان افتخار سہو، ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم بہاولپور، لیاقت پور اور رحیم یار خان کے بعد ملتان پہنچے ہیں یہاں برن یونٹ اور نشتر ایمرجنسی میں 9مریض موجود ہیں، میں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا احسان مند ہوں کہ انہوں نے فوری طور پر ائیر ایمبولینس کے زریعے زخمیوں کو رحیم یار خان اور ملتان منتقل کیا، اس وقت جائے حادثہ لیاقت پور میں کوئی زخمی موجود نہیں ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اس افسوسناک سانحہ میں 74افراد شہید ہوئے ہیں اور یہ حادثہ گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا، اس بوگی میں تبلیغی جماعت کے لوگ تھے مجموعی طور پر 35سے 40 مسافر زخمی ہیں ہم ریلوے کی طرف سے شہید ہونے والوں کو 15.15 لاکھ جبکہ زخمیوں کو تین سے پانچ لاکھ کی امداد دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے فوری طور پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے اور مجھے توقع ہے کہ وزیراعظم بھی شہداء اور زخمیوں کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اس وقت پورے ملک میں 134 ٹرینیں چل رہی ہیں رائے ونڈ کے لئے تبلیغی جماعت کے امیر سلمان احمد نے بوگیاں بک کرائیں، دوران سفر ہمارے گارڈز نے منع کیا کہ چلتی ٹرین میں چولہے نہ جلائیں لیکن وہ باز نہ آئے جب گارڈز چلے جاتے تو وہ چولہا دوبارہ جلا لیتے، آج صبح ناشتہ تیار کرنے کے لئے رائے ونڈ کے لوگوں نے دوبارہ چولہا جلایا، ہمارے پاس فوٹیج موجود ہے کہ سلنڈر دھماکے سے پھٹا، سلمان احمد جو کہ امیر ہیں وہ خود سوار نہیں تھے لیکن بکنگ ان کے نام کے تھی میں خود بھی کئی بار رائے ونڈ گیا ہوں۔ رائے ونڈ جماعت کے پاس چولہے ہوتے ہیں کیونکہ وہ راشن کا انتظام خود کرتے ہیں، افسوس ہے کہ ناشتے کے انتظام میں اتنا بڑا حادثہ ہو گیا، اس وقت پوری قوم غم سے نڈھال ہے، وزیراعظم کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے جہاز دیا اور میں رحیم یار خان اور ملتان کا دورہ کر رہا ہوں، میں زخمیوں کو رحیم یار خان اور ملتان منتقل کرنے کا کریڈٹ آرمی چیف کو دیتا ہوں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے لوگ زخمیوں کو نہیں اٹھاتے فوٹیج بناتے ہیں اور ہمیں یہ فوٹیج مل گئی ہے، جس میں سلنڈر کا دھماکہ صاف دکھائی دے رہا ہے اور فوٹیج بنانے والا بھی زخمی ہوا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے شرکاء نے بھی اپنی گاڑیوں میں سلنڈر رکھے ہوئے ہیں اور انہیں بھی احتیاط کرنی چاہیئے، جب ان سے سوال کیا گیا کہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اس حادثے پر وزیر ریلوے کو استعفی دینا چاہیئے تو انہوں نے کہا کہ آج کا دن ٹھہر جائیں استعفی کوئی مسئلہ نہیں ہے اتوار کو بات کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریکارڈ گواہ ہے کہ سب سے کم ریلوے کے حادثے میرے دور میں ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم سے غلطی ہوئی ہے اگر سلنڈر ٹرین میں سوار نہ ہوتے تو یہ حادثہ نہ ہوتا، رائے ونڈ کے رش کی وجہ سے یہ غلطی ہوئی ہے، آئندہ نہیں ہوگی، شیخ رشید نے اپوزیشن کی جانب سے اس حادثے کے سوگ میں جلسوں کے ملتوی کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا، شیخ رشید نے کہا کہ کل کا دن ریلوے کی تاریخ میں اہم ہے، ایم این ون کی پلاننگ کمیشن منظوری دے گا جس سے ریلوے کی تقدیر بدل جائے گی گاڑیاں آٹھ گھنٹے میں کراچی پہنچیں گی۔
 
خبر کا کوڈ : 824926
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش