QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کا ٹرین حادثے پر اظہار افسوس، واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

31 Oct 2019 18:18

اپنے ایک بیان میں صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ عملی طور پر پی ٹی آئی حکومت کے تمام ادارے تباہی کے دہانے پر کھڑے ہیں، جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، ان میں بہتری لانے کی بجائے اونے پونے نجکاری کرنے میں مصروف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے رحیم یار خان تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ سانحہ کی عدالتی تحقیقات اور آئندہ اس طرح کے افسوس ناک واقعات کے سدباب کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ ٹرین کے مسلسل بڑھتے ہوئے واقعات اور ریلوے کے نظام میں بدحالی سے محسوس ہوتا ہے کہ عملی طور پر پی ٹی آئی حکومت کے تمام ادارے تباہی کے دہانے پر کھڑے ہیں، جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، ان میں بہتری لانے کی بجائے اونے پونے نجکاری کرنے میں مصروف ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اور وزارت ریلوے کے تمام تر دعوؤں کے باوجود محکمہ ریلوے خسارے اور بدحالی کا شکار ہے۔ صوبائی امیر نے کہا کہ وزیر ریلوے کو چاہیے کہ وہ اپنے محکمہ پر خصوصی توجہ دیں، بڑھتے ہوئے ٹرین حادثات کو روکنے اور ٹرین و ریلوے ملازمین کو بنیادی ضروریات فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔ محمد حسین محنتی نے متاثرہ خاندانوں سے دلی اظہار ہمدردی، مرحومین کی مغفرت، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور پسماندگان کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔


خبر کا کوڈ: 824933

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/824933/جماعت-اسلامی-کا-ٹرین-حادثے-پر-اظہار-افسوس-واقعہ-کی-عدالتی-تحقیقات-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org