QR CodeQR Code

کیا شیخ رشید کی نااہلی کیلئے قوم کو مزید حادثوں کا منتظر ہونا پڑیگا، مرتضیٰ وہاب

31 Oct 2019 18:29

وزیر ریلوے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ وزیراعظم نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے تو یہ تحقیقات کس طرح سے شفاف ہوگی کہ جب ادارے کا سربراہ مسافروں پر الزام عائد کر رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کیا شیخ رشید کی نااہلی کیلئے قوم کو مزید حادثوں کا منتظر ہونا پڑے گا، شیخ رشید تو علاقہ کونسلر کی اہلیت نہیں رکھتے، لیکن ان کو ریلوے کی وزارت دی گئی۔ تیزگام حادثہ سے متعلق وزیر ریلوے شیخ رشید کے بیان ردعمل دیتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستانی قوم شیخ رشید سے اب تک کے ریلوے حادثات کا احتساب مانگ رہی ہے، جس شخص کی زندگی باتوں سے آگے نہیں بڑھی، اسے ریلوے کی اہم ترین وزارت سے نواز دیا گیا ہے، یہ قوم کے ساتھ کھلا مزاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی گراوٹ کی حد ہے کہ حادثہ کے متاثرین کو ہی موردِ الزام ٹھہرایا جا رہا ہے، تیزگام ایکسپریس کے مسافروں پر قیامت برپا ہوگئی اور وزیر موصوف مسافروں کو ہی الزام دے رہے ہیں، دوسری جانب وزیراعظم نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے تو یہ تحقیقات کس طرح سے شفاف ہوگی کہ جب ادارے کا سربراہ مسافروں پر الزام عائد کر رہا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ متاثرہ مسافروں کے لواحقین کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے، ماضی میں عمران خان کہتے تھے کہ حادثہ پر ریلوے کے وزیر کو اخلاقی طور پر مستعفی ہونا چاہیئے، کیا اب وزیراعظم صاحب یہ مطالبہ دہرائیں گے یا قوم ان کی جانب سے عملی اقدام کا انتظار کرے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے وزیر کو ریلوے سے زیادہ اپنی سیاسی دکان داری کی فکر ہے، شیخ رشید امدادی کاروائیوں کے بجائے الزام تراشی کی بیان بازی میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریلوے اسٹیشنز پر اسکینگ مشینیں ناکارہ اور غیر فعال ہیں۔


خبر کا کوڈ: 824935

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/824935/کیا-شیخ-رشید-کی-نااہلی-کیلئے-قوم-کو-مزید-حادثوں-کا-منتظر-ہونا-پڑیگا-مرتضی-وہاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org