0
Thursday 31 Oct 2019 22:44

عید میلادالنبیؐ پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، ثروت اعجاز قادری

عید میلادالنبیؐ پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عید میلادالنبیﷺ کے جلسے، جلوس اور ریلیوں کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں، زبانی جمع خرچ سے اہلسنت کو طفل تسلیاں نہ دی جائیں، میلاد جلوس، ریلیوں اور جلسوں کو لاؤڈ اسپیکر ایکٹ سے مستثنی قرار دیا جائے، سرکار دو عالمﷺ کا جشن ولادت منانا اللہ رب العزت کی وحدانیت کی دلیل ہے، مذہبی منافرت پھیلانے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، ان کے خلاف قانون کو فوری حرکت میں لایا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر عید میلادالنبیﷺ کے جلوسوں کی تیاریوں کے سلسلے میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عاشقان رسولﷺ جشن ولادت شایان شان طریقے سے منائیں گے، درود و سلام کی صداؤں میں نکالی جانیوالی میلاد ریلیوں اور جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت اور اداروں کی بھاری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلاد ریلی اور جلوسوں کی نگرانی کیلئے ٹاور سے نشترپارک تک کیمرے نصب کئے جائیں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اسلام کا چہرہ مسخ اور دہشتگردی کرنیوالوں کے خلاف فتوے میلاد مصطفیٰﷺ منانے والوں یعنی علماء اہلسنت نے دیئے ہیں، دہشتگردوں سے خوفزدہ نہیں ہیں، ان شاء اللہ ہر سال کی طرح امسال بھی میلاد مصطفیٰﷺ گھر گھر، گلی گلی، نگر نگر، شہر شہر منایا جائیگا، عاشقان رسولؐ گلی، محلوں، گھروں کو سبز پرچم اور برقی قمقموں سے سجائیں، میلاد مصطفیٰﷺ مناتے ہوئے درود و سلام سے فضا کو معطر کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرمﷺ وجہ تخلیق کائنات ہیں، آپﷺ کی ولادت کے طفیل ظلم و جہالت کے بادل چھٹ گئے، سسکتی انسانیت کو اس کا مقام اور احترام ملا، دور جہالت میں لڑکی کو پیدا ہوتے ہی زندہ دفن کر دیا جاتا تھا، آپﷺ نے عورت کو وہ مقام عطا فرمایا، جو دنیا کے کسی مذہب میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالتﷺ کا تحفظ ہمارے ایمان کا اہم جز ہے۔
خبر کا کوڈ : 824950
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش