0
Thursday 31 Oct 2019 22:50

حکمرانوں نے گلگت بلتستان کے ساتھ بہتر سال سے انصاف نہیں کیا، الیاس صدیقی

حکمرانوں نے گلگت بلتستان کے ساتھ بہتر سال سے انصاف نہیں کیا، الیاس صدیقی
اسلام ٹائمز۔ ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ جی بی کے عوام کو جشن آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔امید کرتے ہیں جی بی کے عوام اپنے بنیادی حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ وفاق جی بی کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے۔ اپنے ایک بیان میں مجلس وحدت المسلمین جی بی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ بہتر سالوں سے انصاف نہیں کیا۔ جی بی کو نہ تو پاکستان کا حصہ بنایا اور نہ ہی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کر کے عوام کو حقوق فراہم کئے گئے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے یکم نومبر 1948ء کو ڈوگرا حکمرانوں سے آزادی حاصل کی اور پاکستان کے جغرافیہ میں اضافہ کیا لیکن متعصب حکمرانوں نے گلگت بلتستان کو تنازعہ کشمیر کا حصہ بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ تب سے آج تک جی بی کی متنازعہ حیثیت کے تناظر میں حقوق فراہم کئے ہیں اور نہ ہی ہمیں پاکستان کا حصہ تسلیم کیا گیا ہے جو کہ اس خطے میں رہنے والے محب وطن عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ حکومت جی بی کے حوالے سے دوٹوک فیصلہ کرے اور گلگت بلتستان کے عوام کی خواہشات کے مطابق انہیں حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ جی بی کو یا تو پاکستان کا حصہ تسلیم کرے یا پھر متنازعہ حیثیت کے تناظر میں حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ دورہ گلگت کے موقع پر عوام کی خواہشات کے تناظر میں حقوق کی فراہمی کی نوید سنائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 824971
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش