0
Thursday 31 Oct 2019 23:36

عمران خان کی جدوجہد کا سارا بیانیہ کھوکھلا اور جھوٹ و فریب ثابت ہو رہا ہے، لیاقت بلوچ 

عمران خان کی جدوجہد کا سارا بیانیہ کھوکھلا اور جھوٹ و فریب ثابت ہو رہا ہے، لیاقت بلوچ 
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور جمہوری و آئینی بنیادوں پر پرامن احتجاج ہر پارٹی کا حق سمجھتی ہے، آزادی مارچ پرامن، مہذب اور اپنے مطالبات پر پیشرفت کر رہا ہے، اسلام آباد سے ہی اس محنت اور جدوجہد کے نتائج سامنے آئیں گے، حکومت اس خام خیالی میں نہ رہے کہ طاقت کے استعمال سے مخالفین کو دبا لے گی، طاقت کا ہتھیار خود حکومت کے لیے مہلک ثابت ہوگا، آئین کے مطابق وزارت عظمیٰ کی تبدیلی کا خیرمقدم کریں گے، 88 دنوں سے کشمیر میں بدترین کرفیو ہے، مگر حکومت کوئی عملی اقدام اٹھانے اور لائحہ عمل دینے کیلئے تیار نہیں۔ جماعت اسلامی ملک بھر میں مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی اور عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے مہم چلا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملتان پہنچنے پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راو محمد ظفر، ضلعی امیر ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، کنور محمد صدیق بھی موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنماء اسد عمر کے انکشافات ہوشربا ہیں، تحریک انصاف کو باہر سے نہیں اندر سے بڑے بڑے مافیا تیزی سے دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں، عمران خان کی جدوجہد کا سارا بیانیہ کھوکھلا اور جھوٹ و فریب ثابت ہو رہا ہے، حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے، بے کار ٹیم اور ناکام کپتان زیادہ دیر اقتدار پر قابض نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی معاشی ٹیم پاکستانی معیشت کی نہیں عالمی مالیاتی اداروں کی دوست ہے، حکومت جھوٹے اعداد و شمار کے گورکھ دھندے میں اپنا سب کچھ گنوا رہی ہے، تاجروں نے ملک گیر شٹرڈاون ہڑتال کے ذریعے اپنی طاقت کا مظاہرہ کر دیا ہے، حکومتی ہٹ دھرمی اور غیر حکیمانہ عمل قومی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا گیا ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان حکومت کی غلط حکمت عملی اور بے سمت اقدامات نے قومی معیشت کو تباہ کر دیا ہے، مہنگائی، بے روزگاری اور افراط زر بڑھتا جا رہا ہے، تاجروں نے شٹرڈاون احتجاج کی طاقت کو زندہ کر دیا ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے، مسئلہ کشمیر کے حل اور اقتصادی بحران کے خاتمہ کے لیے قومی وحدت و اتحاد پیدا کرے۔ اپوزیشن کا احتجاج بے ثمر نہ ہوگا، اس کے گہرے اثرات پیدا ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 824979
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش