0
Friday 1 Nov 2019 23:13

وفاقی حکومت خصوصاً وزیر ریلوے زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں، علامہ باقر زیدی

وفاقی حکومت خصوصاً وزیر ریلوے زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقر زیدی نے رحیم یار خان میں تیزگام ایکسپریس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونیوالے مسافروں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے دعاگو ہوں۔ کراچی کے علاقے گلشن معمار میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقر عباس زیدی نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں سندھ اور پنجاب میں ٹرین حادثوں میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع المیہ ہے، پاکستان ریلوے کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ریلوے کے نظام کو آسمان کی بلندیوں پر پہنچانے کے دعوے فقط دعوے ہی نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل سندھ کے شہر حیدرآباد میں بھی ٹرین کی بوگیاں الٹ جانے سے کئی مسافر اپنی جان کی بازی ہار گئے تھے، لیکن اس حادثے کی تحقیقات کے نتائج ابھی تک سامنے نہیں آئے تھے کہ رحیم یار خان میں ایک اور ہولناک حادثہ پیش آگیا۔

علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ آج بھی پاکستان میں ریلوے کا وہی نظام چل رہا ہے کہ جو پاکستان کے قیام سے قبل تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہر دور میں ریلوے کی اہم وزارت پر براجمان ہونے والے وزراء نے ادارے کی کارکردگی کو بہترین اور اس کے نظام کو آسمان کی بلندیوں پر پہنچانے کے دعوے تو بہت کئے لیکن وہ دعویٰ ہی کیا جو وفا ہوجائے۔ علامہ باقر عباس زیدی نے وفاقی حکومت خصوصاً وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹرین حادثے میں زخمی مسافروں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بناتے ہوئے جاں بحق مسافروں کے ورثا اور زخمیوں کے لئے فوری مالی معاونت کا اعلان کریں اور حادثے کی فوری اور شفاف تحقیقات کراتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کریں۔
خبر کا کوڈ : 825120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش