QR CodeQR Code

سانحہ تیزگام سے متعلق نازیبا الفاظ پر فردوس شمیم نقوی کی معذرت

1 Nov 2019 23:26

اپنے بیان میں پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مجھے سیلنڈر کے معاملے پر بہتر الفاظ استعمال کرنے چاہیئے تھے، میں نے صرف معاشرے میں خرابی کا ذکر کیا تاہم میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو معافی چاہتا ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ سانحہ تیزگام سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے معذرت کرلی۔ پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی سانحہ تیزگام میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کے لئے میرپورخاص کی مسجد نبی رحمت پہنچے تھے جہاں تعزیت کے دوران پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ واقعہ ’جہالت‘ کے باعث پیش آیا۔ فردوس شمیم نقوی کے الفاظ پر وہاں موجود لوگ مشتعل ہوگئے تھے اور شدید احتجاج کرتے ہوئے انہیں مسجد سے باہر نکال دیا تھا تاہم اب سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے سانحہ تیزگام میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے معذرت کرلی ہے۔

فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ مجھے سیلنڈر کے معاملے پر بہتر الفاظ استعمال کرنے چاہیئے تھے، میں نے صرف معاشرے میں خرابی کا ذکر کیا تاہم میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو معافی چاہتا ہوں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز رحیم یار خان کے قریب تیزگام ایکسپریس کی تین بوگیوں میں آگ لگنے سے 74 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ آتشزدگی کے حوالے سے دو الگ الگ باتیں سامنے آرہی ہیں جن میں آگ لگنے کی وجہ سیلنڈر دھماکا اور شاٹ سرکٹ بھی بتائی جارہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 825127

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/825127/سانحہ-تیزگام-سے-متعلق-نازیبا-الفاظ-پر-فردوس-شمیم-نقوی-کی-معذرت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org