QR CodeQR Code

مولانا کو گھیر کر اسلام آباد لانے والے دور سے تماشا دیکھ رہے ہیں، اسد نقوی

2 Nov 2019 08:37

ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری سیاسیات کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا استعفی مانگنے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے اور مخصوص طبقہ فکر و جماعت کے لوگ مولانا کیساتھ نکلے ہیں، اسلام آباد بائیس لاکھ سے زیادہ کی آبادی کا شہر ہے جہاں پی پی پی اور ن لیگ کے ہزاروں ووٹر موجود ہیں اس کے باوجود مولانا کے دھرنے میں چند سو بھی جیالے اور متوالے نظر نہیں آ رہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات اور فوکل پرسن حکومت پنجاب برائے مذہبی ہم آہنگی سید اسد عباس نقوی نے کہا ہے کہ دھرنا حکومت کیخلاف ہے اور گھبراہٹ اپوزیشن کے حلقوں میں ہے، مولانا کو گھیر کر اسلام آباد لانے والے دور سے تماشا دیکھ رہے ہیں، لاہور میں آزادی مارچ کے فلاپ شو نے ن لیگ کی عوامی قوت پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا استعفی مانگنے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے اور مخصوص طبقہ فکر و جماعت کے لوگ مولانا کیساتھ نکلے ہیں، اسلام آباد بائیس لاکھ سے زیادہ کی آبادی کا شہر ہے جہاں پی پی پی اور ن لیگ کے ہزاروں ووٹر موجود ہیں اس کے باوجود مولانا کے دھرنے میں چند سو بھی جیالے اور متوالے نظر نہیں آ رہے۔
 
انہوں نے کہا کہ ن لیگی قیادت تذبذب کا شکار نظر آتی ہے، اے این پی مارچ میں شرکت کے بعد گھروں کو واپس جا چکی ہے، پی پی پی اپنی بے وجہ کی جلسہ کمپین میں مصروف ہے، مولانا کے پاس اب بھی وقت ہے کہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے فیصلہ کریں اور دھرنا دھرنا کھیلنا بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج آئینی حق ہے مگر دھرنوں سے حکومتیں گرانے کا انداز درست نہیں، اس طرح تو کوئی بھی چند ہزار بندے لیکر اسلام آباد پر چڑھائی کر دے تو کیا منتخب حکومت گرا دی جائے؟عمران خان کو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جانا چاہیے۔ اسد نقوی نے کہا کہ مولانا اب سمجھ جائیں کہ انہیں استعمال کیا گیا ہے اور اب اسلام آباد میں تنہا جے یو آئی کے ارکان ہی نعرے لگا رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 825146

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/825146/مولانا-کو-گھیر-کر-اسلام-ا-باد-لانے-والے-دور-سے-تماشا-دیکھ-رہے-ہیں-اسد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org