0
Saturday 2 Nov 2019 08:56

دھرنے کے باعث جماعت اسلامی کی بین الاقوامی کشمیر کانفرنس ملتوی

دھرنے کے باعث جماعت اسلامی کی بین الاقوامی کشمیر کانفرنس ملتوی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات  قیصر شریف نے کہا ہے کہ سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی کے زیراہتمام تین اور چار نومبر کو اسلام آباد میں بلائی جانیوالی بین الاقوامی کشمیر کانفرنس ملتوی کر دی ہے، مشاورت کے بعد  کانفرنس ملتوی کرنے کا فیصلہ موجودہ سیاسی صورتحال اور دھرنے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ کانفرنس میں 30 ممالک سے 55 رہنماؤں، سکالرز، حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں کے معروف نمائندوں اور سرکاری و غیر سرکاری ذمہ داران نے شرکت کرنا تھی۔

قیصر شریف کے مطابق ملائشیا کی مرکزی و صوبائی حکومتوں کے نمائندوں اور ارکان پارلیمنٹ، ترکی کی مرکزی حکومت کے ذمہ داران اور ارکان پارلیمنٹ، مسلم پارلمنٹیرین یونین کے صدر اور الجزائر اسمبلی کے رکن، ایران، افغانستان، مصر، شام، اردن اور عراق سمیت کئی مسلم اور غیر مسلم ممالک کے ارکان پارلیمنٹ اور نمائندے، معروف برطانوی صحافی ویو ان ریڈلے جارج ٹاون یونیورسٹی کی عالمی شہرت یافتہ سکالر تمارا سون کے علاوہ سپین، ڈنمارک اور کینیڈا سمیت کئی ممالک کے اعلی پائے کے سکالرز کی شرکت یقینی تھی۔

انہوں  نے کہا کہ کانفرنس کی تمام تیاریاں مکمل تھیں اور یکم نومبر سے شرکا کی آمد شروع ہونا تھی لیکن عین آخری وقت ان سے معذرت کرنا پڑی۔ واضح رہے کہ کانفرنس کا افتتاح کشمیر کے صدر سردار مسعود احمدخان نے کرنا تھا، اس کانفرنس میں قومی قیادت کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق جلد بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کے انعقادکے شیڈول کا دوبارہ اعلان کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 825150
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش