QR CodeQR Code

ملتان، نشتر ہسپتال کے بعد کارڈیالوجی سنٹر کے ڈاکٹرز بھی سراپا احتجاج، واقعے کو سیاسی رنگ دیدیا

2 Nov 2019 12:26

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قمر زمان قیصرانی نے موقف میں بتایا کہ ڈیوٹی پر موجود نرس مری والدہ کی نرسنگ کیئر نہیں کر رہی تھی، جس کی شکایت ڈاکٹر کو کی گئی، شکایت حل کرنے کی بجائے ڈاکٹر نے مرے ساتھ بدسلوکی کرنا شروع کردی، دوسری جانب سے ڈاکٹرز نے کارڈیالوجی سنٹر کی آوٹ ڈور اور ان ڈور سروسز بند کردی۔


اسلام ٹائمز۔ ملتان کے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر زمان قیصرانی کو دو گھنٹوں تک محبوس رکھنے کا معاملہ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر زمان قیصرانی نے ڈپٹی کمشنر ملتان اور کمشنر ملتان کو واقعے کی تحریری رپورٹ بھجوا دی۔ رپورٹ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ والدہ دو دنوں سے ہسپتال میں زیرعلاج تھیں، صحت بہتر ہونے پر والدہ کو ڈسچارج کیا گیا، ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے حوالے سے رہنمائی کیلئے کاؤنٹر پر بیٹھی نرس عافیہ سے رابطہ کیا، نرس نے یہ کہہ کر جواب دے دیا کہ یہ میرا کام نہیں ہے، نرس سے دوبارہ پوچھنے پر اس نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر شعیب کو بلا لیا۔ ڈاکٹر شعیب سے نرس کے رویئے کی شکایت کی تو ڈاکٹر نے بھی بدتمیزی شروع کر دی، ڈاکٹر شعیب نے کندھے سے پکڑ کر دھکے دیئے اور سکیورٹی گارڈ بلالیا، سکیورٹی گارڈ کو ہدایت دی کہ انہیں باہر نکال دیا جائے، اس تمام واقعے کے بعد بھی میں والدہ کو لے کر ہسپتال سے باہر نکل آیا، ہسپتال کے احاطے میں ہی موجود تھا کہ ڈاکٹر عامر خواجہ کی کال موصول ہوئی اور انہوں نے اپنے ساتھ کمرے میں چلنے کو کہا۔

رپورٹ کے مطابق عوامی مفاد میں معاملے کو ختم کرنے کے لئے عامر خواجہ کے کمرے میں پہنچا، وہاں ڈاکٹر شعیب نے ڈاکٹر ظریف، ڈاکٹر صفدر، ڈاکٹر مومن، ڈاکٹر عبدالکبیر، ڈاکٹر علی رضا اور درجنوں دیگر ڈاکٹروں نے ان پر ہلا بول دیا، ڈاکٹروں نے مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور دو گھنٹے تک کمرے میں بند رکھا، ڈاکٹروں نے مجھ سے موبائل فون بھی چھین لیا تاکہ میں کسی سے رابطہ نہ کر سکوں، متعلقہ ڈاکٹر کے خلاف فوری قانونی کاروائی کی جائے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قمر زمان قیصرانی نے موقف میں بتایا کہ ڈیوٹی پر موجود نرس مری والدہ کی نرسنگ کیئر نہیں کر رہی تھی، جس کی شکایت ڈاکٹر کو کی گئی، شکایت حل کرنے کی بجائے ڈاکٹر نے میرے ساتھ بدسلوکی کرنا شروع کر دی، جبکہ والدہ کے دوران علاج میں نے کسی بھی ڈاکٹر اور نرس کو سرکاری آفیسر ہونے کا تعارف نہیں کرایا اور نہ ہی کسی کے ساتھ دھمکی آمیز رویہ اختیار رکھا۔ ڈاکٹرز اور نرسز کی اپنے پروفیشن کے ساتھ بددیانتی اور احتجاج بےبنیاد ہے، مزید برآں انہوں نے بتایا کہ کارڈیالوجی ہسپتال کے تمام واقعہ کی رپورٹ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کو کر دی گئی ہے۔ 


خبر کا کوڈ: 825205

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/825205/ملتان-نشتر-ہسپتال-کے-بعد-کارڈیالوجی-سنٹر-ڈاکٹرز-بھی-سراپا-احتجاج-واقعے-کو-سیاسی-رنگ-دیدیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org