0
Saturday 2 Nov 2019 13:32

23 سے 30 اکتوبر کے دوران سینئر ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث جھنگ میں متعدد نومولود دم توڑ گئے، سرکاری رپورٹ

23 سے 30 اکتوبر کے دوران سینئر ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث جھنگ میں متعدد نومولود دم توڑ گئے، سرکاری رپورٹ
اسلام ٹائمز۔ جھنگ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) میں ایک ہفتے کے دوران متعدد نومولود کی اموات میں سینئر ڈاکٹروں کی غفلت کا انکشاف ہوا۔ تفصیلات کے مطابق جھنگ چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) کی جانب سے پیش کردہ خفیہ ادارتی رپورٹ میں پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ سیکرٹری سے متعلقہ سینئر ڈاکٹروں کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست کی گئی۔ رپورٹ میں جاں بحق ہونے والے نومولود کے نام اور ان کی اموات کی تاریخ اور وقت کا بھی ذکر کیا گیا۔ تاہم رپورٹ میں ڈیوٹی پر موجود ہونے والے ڈاکٹروں کی عدم وجودگی کا بھی انکشاف کیا گیا۔ سی ای او کی جانب سے رپورٹ میں کہا گیا کہ جب ڈاکٹروں کو بچوں کی تشویش ناک صورتحال سے متعلق آگاہ کرنے کے لیے رابطہ کیا تو ان کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا جس کے نتیجے میں بچے نرسری میں دم توڑ گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 23 سے 30 اکتوبر کے دوران سینئر ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث متعدد نومولود دم توڑ گئے۔ رپورٹ میں ہسپتال کے شعبہ پیڈز کی ناقص صورتحال پر بھی تبصرہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں بتایا گیا کہ شعبہ پیڈز کی ڈاکٹر عیبہ یاسین نے گزشتہ 8 ماہ میں ایک مرتبہ بھی شعبہ پیڈز کا دورہ کیا اور نہ ہی سینئر ڈاکٹروں کو شام اور رات کی شفٹ میں تعینات کیا۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے متعدد مرتبہ درخواست کے باوجود ڈاکٹر عیبہ یاسین نے شعبہ پیڈز میں ڈاکٹروں کی ڈیوٹی نہیں لگائی۔ رپورٹ کے مطابق عارضی اور دیگر میڈیکل افسر کو سینئر ڈاکٹروں کی موجودگی کے بغیر ہی مقرر کیا گیا۔ پیش کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ سی ای او نے 23 اکتوبر کو ایم ایس کے ہمراہ شعبہ اطفال کا دورہ کیا تو ایک نوزائیدہ کی طبیعت خراب ہونے پر سینئر ڈاکٹر ڈاکٹر ناصر عباس کو بلایا گیا لیکن انہوں نے فون کا جواب نہیں دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سی ای او نے 25 اکتوبر کو دوبارہ شعبہ پیڈز کا دورہ کیا اور 3 نومولود کی حالت تشویشناک پائی اور تب ماہر ڈاکٹر محمد ارشاد کو طلب کیا گیا لیکن انہوں نے بھی جواب نہیں دیا۔ رپورٹ کے مطابق 28 اکتوبر کو سی ای او کے تیسرے دورے کے دوران ڈاکٹر فیصل حنیف سے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے بھی کالز کا جواب نہیں دیا۔ اس رپورٹ کے اختتام میں کہا گیا کہ مذکورہ بالا صورتحال ڈی ایچ کیو جھنگ کے محکمہ پیڈ کے ماہر ڈاکٹروں کی تشویشناک صورتحال، ناقص طرز عمل کو ظاہر کرتی ہے جس کا مشاہدہ اسپتال کے ایم ایس کے ہمراہ کیا گیا اور متعلقہ ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 825232
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش