QR CodeQR Code

وزیراعظم مستعفی ہوں گے نہ ہی نئے انتخابات ہوں گے، حکومت

2 Nov 2019 16:30

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے وزیراعظم کو اپوزیشن سے رابطوں پر بریفنگ دی اور آزادی مارچ سے نمٹنے کی تجاویز بھی پیش کیں۔ اجلاس کے دوران اہم فیصلے کیے گئے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے مطالبات مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ نہ تو وزیراعظم مستعفی ہوں گے اور نہ ہی نئے انتخابات ہوں گے۔ بنی گالا میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے وزیراعظم کو اپوزیشن سے رابطوں پر بریفنگ دی اور آزادی مارچ سے نمٹنے کی تجاویز بھی پیش کیں۔ اجلاس کے دوران اہم فیصلے کیے گئے۔ کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ نہ تو وزیراعظم عمران خان مستعفی ہوں گے اور نہ ہی ملک میں نئے انتخابات ہوں گے، جبکہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والے شرپسندوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

کور کمیٹی نے کہا کہ آزادی مارچ کے شرکاء جب تک چاہیں بیٹھے رہیں، لیکن اگر انہوں نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔ علاوہ ازیں بنی گالہ رہائش گاہ کے باہر سیکورٹی سخت کرتے ہوئے ایف سی جوان تعینات کر دیے گئے اور داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینر لگا دیے گئے جبکہ بکتر بند گاڑی بھی پہنچا دی گئی ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم کے اراکین آج شام پارلیمنٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 825254

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/825254/وزیراعظم-مستعفی-ہوں-گے-نہ-ہی-نئے-انتخابات-حکومت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org