QR CodeQR Code

حکومت نے ریلوے ہی نہیں تمام اداروں کو تباہ کر دیا ہے، اعجاز ہاشمی

2 Nov 2019 18:52

جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے حادثے کے بعد وزیر ریلوے شیخ رشید کو مستعفی ہو جانا چاہیے، وہ سیاسی معاملات پر بڑی بڑی باتیں تو کرتے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ خود اپنے گھر کو بھی دیکھیں کہ ان کے محکمے میں کیا ہو رہا ہے اور کس طرح ان کی ناک کے نیچے نااہلی جاری کے باعث عوام کا قتل عام جاری ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے رحیم یار خان میں ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سانحہ کو حکومتی نااہلی اور قوم کی بے بسی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں آج تک جتنی بھی ٹرین حادثات ہوئے ہیں ان کی تحقیقات سے قوم کو مناسب طریقے سے آگاہ کیا گیا اور نہ ہی آئندہ ایسے افسوسناک واقعات روکنے کے اقدامات کیے گئے ہیں، اتنے بڑے حادثے کے بعد وزیر ریلوے شیخ رشید کو مستعفی ہو جانا چاہیے، وہ سیاسی معاملات پر بڑی بڑی باتیں تو کرتے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ خود اپنے گھر کو بھی دیکھیں کہ ان کے محکمے میں کیا ہو رہا ہے اور کس طرح ان کی ناک کے نیچے نااہلی جاری کے باعث عوام کا قتل عام جاری ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی ناقص کارکردگی کے باعث صرف ریلوے ہی نہیں بلکہ تمام اداروں کو تباہ کردیا گیا ہے یا انہیں نجکاری کے بھیانک راستے پر لگا دیا گیا اور قیمتی قومی اثاثوں کو کوڑیوں کے بھاو بیچ دیا گیا ہے۔ ریلوے میں ہونیوالی تباہی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اب تک تحقیقات کیوں نہیں کی جا سکیں اور محض معاملات لٹکانے کیلئے کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے، محکمانہ کارروائیوں کے ذریعے معاملات کو چھپانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رحیمیار خان میں ریلوے آتشزدگی حادثہ نہیں، نااہلی ہے، قوم کب تک حادثات کا شکار ہوتی رہے گی، غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے حقائق منظر عام پر لائے جائیں کہ یہ آتشزدگی ہے بھی یا اپنی نااہلی چھپانے کیلئے ریلوے حکام نے سلنڈر پر تک پابندی کے احکامات جاری کروا دئیے ہیں مگر شارٹ سرکٹ کی تحقیقات نہیں کی گئیں۔


خبر کا کوڈ: 825283

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/825283/حکومت-نے-ریلوے-ہی-نہیں-تمام-اداروں-کو-تباہ-کر-دیا-ہے-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org