QR CodeQR Code

احتجاج کے جمہوری حق پر سوال نہیں کیا جاسکتا لیکن چہرے بدلنے سے تبدیلی نہیں آئے گی، مصطفیٰ کمال

3 Nov 2019 02:42

کورنگی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ وزیراعظم سندھ کے وزیراعلیٰ سے بات نہیں کررہے، سندھ کے شہریوں کے مقدر میں موت ہی لکھ دی گئی ہے، لوگ کچرے، بارشوں میں کرنٹ، کتے کے کاٹنے، ڈینگی، ایڈز، صاف پانی کی عدم دستیابی اور دیگر موذی امراض کے باعث مر رہے ہیں، کوئی پرسانِ حال نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ احتجاج کے جمہوری حق پر سوال نہیں کیا جاسکتا لیکن چہرے بدلنے سے تبدیلی نہیں آئے گی، ایک وزیراعظم کے جانے یا دوسرے کے آنے سے مسائل حل نہیں ہونگے بلکہ پلان آف ایکشن پر بات ہونی چاہیئے کہ ملک کو مسائل سے کیسے نکالنا ہے، پاک سرزمین پارٹی عوامی مسائل پر سیاست کر رہی ہے، گزشتہ انتخابات میں اپنی حق تلفی کے باوجود حکومت کی غیر مشروط حمایت کی اور جب بھی تنقید کرتے ہیں تو مسائل اور ایشوز کی بنیاد پر کرتے ہیں، حکومت ہر شعبے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور صرف اعلانات کی حد تک باقی رہ گئی ہے اور پھر ان اعلانات سے بھی مکرا جارہا ہے، اگر ایسا ہی چلتا رہا تو اللہ نہ کرے پاکستان زیادہ عرصہ نہیں چل پائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ہمیں باہر سے دشمن کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ ہم اندر سے کمزور ہوتے چلے جا رہے ہیں، حکومت کی جانب سے کرپشن کے خلاف عملی اقدامات کے بجائے صرف ہوائی تیر چلانے کی وجہ سے کرپشن مزید بڑھ چکی ہے، سختی کے نام پر اداروں میں صرف کرپشن کا ریٹ بڑھا ہے، سیکریٹری و افسران کام کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں کہ نیب اٹھا کر لے جائے گا، غریب منوں مٹی تلے دب چکا ہے، کہیں گورننس نام کی چیز نہیں، وزیراعظم سندھ کے وزیراعلیٰ سے بات نہیں کررہے، سندھ کے شہریوں کے مقدر میں موت ہی لکھ دی گئی ہے، لوگ کچرے، بارشوں میں کرنٹ، کتے کے کاٹنے، ڈینگی، ایڈز، صاف پانی کی عدم دستیابی اور دیگر موذی امراض کے باعث مر رہے ہیں، کوئی پرسانِ حال نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور سوگوار لواحقین کیلیے صبر جمیل کے دعاگو ہیں، تشویشناک بات یہ ہے کہ موجودہ حکمران اپنی نااہلی اور غفلت چھپانے کے لئے کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، اس قسم کے واقعات پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے، پاک سرزمین پارٹی کے تمام کارکنان لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، حکمرانوں سے اپیل کرتا ہوں انسانیت کا دامن نہ چھوڑیں، اپنی عاقبت سنواریں، شہداء کے جنازوں پر جا کر جو الفاظ ادا کئے گئے انہیں دہرایا بھی نہیں جا سکتا، پاک سرزمین پارٹی اس حکومتی رویئے کی مذمت کرتی ہے، حادثے کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوتی ہے، ریلوے کے وزیر اگر سیاسی معاملات پر تجزیہ دینے سے فارغ ہوں تو شاید اپنے محکمے پر بھی نظر ڈال لیں اور اس قسم کے واقعات نہ ہوں۔


خبر کا کوڈ: 825348

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/825348/احتجاج-کے-جمہوری-حق-پر-سوال-نہیں-کیا-جاسکتا-لیکن-چہرے-بدلنے-سے-تبدیلی-آئے-گی-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org