0
Monday 4 Nov 2019 18:42

ایمان کے راستے پر ثابت قدم رہنے والے منزل مقصود پا لیتے ہیں، حسن محی الدین

ایمان کے راستے پر ثابت قدم رہنے والے منزل مقصود پا لیتے ہیں، حسن محی الدین
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے ربیع الاول پلان 2019 کے اجرا کیلئے منعقدہ ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نہ صرف ویمن ایمپاورمنٹ کا داعی دین ہے بلکہ پیغمبر اسلام نے ہزاروں سالوں پر مشتمل معلوم اور نا معلوم تاریخ میں پہلی بار الوہی فرامین کی روشنی میں خواتین کے حقوق و فرائض کا تعین کیا۔ منہاج القرآن انسانیت کی تعمیر و تزئین اور کردار سازی کیلئے سیرت مصطفیﷺ کو نسخہ کیمیا سمجھتی ہے، اسی لئے تحریک منہاج القرآن کا دعوتی، تعلیمی پیغام کا نیوکلیس تعلیمات عشق مصطفی ﷺ کا فروغ ہے۔ انہوں نے خواتین کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی کے ضمن میں پہلی بارالہدایہ قرآن لرننگ ڈپلومہ کورس کا نصاب تیار کرنے اور ربیع الاول پلان 2019 ترتیب دینے پر مرکزی صدر فرح ناز، سدرہ کرامت، کلثوم طفیل، گروپ ہیڈ بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔

ویمن لیگ کی مرکزی ورکنگ کونسل کے اجلاس میں تمام زونلز ناظمہ اور ورکنگ کونسل کی ممبرز خواتین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمان کے راستے پر ثابت قدم رہنے والے منزل مقصود پا لیتے ہیں، اسلام محض کلمہ پڑھ لینے کا نام نہیں بلکہ سیاست، معیشت، معاشرت اور عائلی زندگی میں دی جانیوالی رہنمائی پر عمل پیرا رہنے کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرت کے کچھ راز ایسے ہیں جو حواس خمسہ اور عقل کی پہنچ سے ماورا ہوتے ہیں وہ راز انسان کو عشق اور وجدان سے حاصل ہوتے ہیں، عشق ایمان کی خالصیت کا ایک بلند تر درجہ ہے، دین اسلام کی تعلیمات اور فیوض و برکات کو محض حواس خمسہ اور عقل کے ترازو پر نہیں پرکھا جا سکتا، عشق، عقل اور عمل کے درمیان جب ایک توازن قائم ہو جاتا ہے تو پھر آنکھوں کے سامنے حقائق اور صداقتوں کا ایک نیا جہان کھل جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عقل و خردکا خزینہ بو علی سینا اور عشق کا خزینہ مولائے روم بن گئے، جہاں عقل کی انتہا ہوتی ہے وہاں سے عشق کی ابتدا ہو جاتی ہے، عشق کا تعلق خالصیت کیساتھ سیرت نبی ﷺ سے جڑ جانے سے ہے۔ چئیرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی ورکنگ کونسل کے اجلاس میں مختلف زونز کی ناظمات سے تنطیمی ورکنگ اور ویژن2025 کے اہداف کے بارے میں تبادلہ خیالات بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 825483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب