0
Monday 4 Nov 2019 12:39

چوہدری شجاعت کیطرف سے مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد

چوہدری شجاعت کیطرف سے مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماء چوہدری شجاعت حسین نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کرکے انہیں مفاہمت سے معاملہ حل کرنے کی کوشش پر زور دیا ہے۔ چوہدری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آپ کی بات سے فوج کے خلاف جو غلط تاثر گیا ہے، اسے مٹانے کی کوشش کریں، آپ ایسے باپ کے بیٹے ہیں جو سیاسی شعور رکھتے تھے اور ملکی مفاد کو مقدم رکھ کر افہام و تفہیم سے معاملات کے حل پریقین رکھتے تھے۔ چوہدری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمان پر زور دیا کہ مفاہمت سے معاملات حل کرنے کی کوشش کریں، آپ اس کی اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے سربراہ جے یو آئی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو مبارک ہو کہ آپ نے میلہ لوٹ لیا ہے، اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں نے آپ کو اپنا لیڈر تسلیم کر لیا ہے۔

سربراہ مسلم لیگ (ق) کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا دھرنے میں کوئی کردار نہیں، وہ تو حادثاتی اور واقعاتی طورپر اپوزیشن لیڈر بن گئے ہیں، اصل اپوزیشن لیڈر تو فضل الرحمان ہیں، جنہوں نے دونوں بڑی جماعتوں کو اپنے پیچھے لگا لیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت حسین کل اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق سربراہ جے یو آئی نے بھی چودھری شجاعت سے ملاقات کی حامی بھرلی ہے۔ اُدھر ذرائع جے یو آئی کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ 2 روز میں اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلائی جائے گی، جس میں حزب اختلاف کی قیادت کو مدعو کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سینیئر رہنما اکرم درانی کو اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کا ٹاسک دیا گیا ہے، جبکہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ کشمیر ہائی وے پر آزادی مارچ کے شرکاء کا قیام جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 825545
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش