0
Monday 4 Nov 2019 18:00

لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرلی

لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرلی
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی درخواست پر محفوظ  فیصلہ سناتے ہوئے انکی ضمانت منظور کرلی ہے۔ مریم نواز نے چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت کے لئے عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے مریم نواز کو ڈپٹی رجسٹرار لاہو رہائی کورٹ کو پاسپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ‏پاسپورٹ جمع کرانے کے ساتھ ساتھ 7 کروڑ روپے زرضمانت جمع کرنا ہوگا۔ مریم نواز کو ایک ایک کروڑ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ ہائی کورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فیصلہ سنایا۔ مریم نواز نے چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت کی درخواست دی تھی جس پر عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد  31 اکتوبر 2019ء کو محفوظ کیا۔

آخری پیشی پر وکیل نیب نے موقف اپنایا کہ (ن) لیگی رہنما نے چوہدری شوگر ملز کے جعلی اکاونٹس چلانے میں اہم کردار ادا کیا اور نیب ان کے خلاف منی لانڈرنگ کی کارروائی کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ مریم نواز ایون فیلڈ (لندن فلیٹس) ریفرنس میں سزا یافتہ ہیں اور انہیں 7 سال قید کی سزا دی گئی، مگر اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی سزا معطل کر رکھی ہے۔ نیب نے اکتوبر 2018ء میں تفتیش سے پتا چلایا کہ چوہدری شوگر ملز میں نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف اور ان کے بھائی عباس شریف کے اہل خانہ کے علاوہ کچھ غیر ملکی بھی شراکت دار ہیں۔ ذرائع کے مطابق چوہدری شوگر ملز میں سال 2001ء سے 2017ء کے درمیان غیر ملکیوں کے نام پر اربوں روپے کی بھاری سرمایہ کاری کی گئی اور انہیں حصص دیئے گئے۔ بعد ازاں وہی حصص مریم نواز، حسین نواز اور نواز شریف کو بغیر کسی ادائیگی کے واپس کئے گئے۔

اس ضمن میں نیب نے سب سے پہلے مریم نواز کو 31 جولائی کو تفتیش کے لئے طلب کیا تھا اور انہوں نے 45 منٹ تک نیب ٹیم کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔ رپورٹ کے مطابق یوسف عباس اور مریم نواز نے تحقیقات میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکیوں کو پہچاننے اور رقم کے ذرائع بتانے سے قاصر رہے، جس پر نیب نے مریم نواز کو 8 اگست کو دوبارہ طلب کرتے ہوئے ان سے چوہدری شوگر ملز میں شراکت داری کی تفصیلات اور مالیاتی امور کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ بعد ازاں 8 اگست کو ہی قومی احتساب بیورو نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو گرفتار کر کے نیب ہیڈکوارٹرز منتقل کر دیا تھا۔ عدالت کی جانب سے مریم نواز کے جسمانی ریمانڈ میں متعدد بار توسیع کی گئی تھی، جس کے بعد ان کا جوڈیشل ریمانڈ دے دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 825588
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش