0
Tuesday 5 Nov 2019 14:22
12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت منایا جائے گا

امام حسین (ع) کا غم اور رسول خدا (ص) کی ولادت کا جشن امت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے، علامہ باقر زیدی

امام حسین (ع) کا غم اور رسول خدا (ص) کی ولادت کا جشن امت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ ماہ مبارک ربیع الاول کے موقع پر پاکستان کے غیور شیعہ و سنی عوام مشترکہ طور پر جشن عید میلادالنبی (ص) مناتے ہوئے پاکستان دشمن اسلام دشمن عناصر باالخصوص امریکہ و اسرائیل کی مذموم سازشوں کو ناکام بنائیں گے، 12 ربیع الاول کے دن ملت جعفریہ اپنے اہلسنت بھائیوں کے ہمراہ جشن میلاد النبی (ص) شایان شان طریقے سے منائے گی۔ صوبائی میڈیا سیل سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ ماہ مبارک ربیع الاول کے موقع پر ہر سال کی طرح اس سال بھی مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر 12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت منایا جائے گا، اس سلسلے میں کراچی سمیت ملک بھر میں جشن میلاد النبی و ہفتہ وحدت کانفرنسز، ریلیاں، درود و سلام کی محافل کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے عید میلادالنبی (ص) کے جلوسوں کے راستوں پر استقبالیہ کیمپ اور سبیلوں کے اسٹالز بھی لگائے جائیں گے۔ علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ شیعہ سنی مسلمانوں نے ماہ محرم میں اتحاد و اتفاق سے دشمنان اسلام کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے، نواسہ رسول امام حسین (ع) کا غم اور رسول خدا (ص) کی ولادت کا جشن امت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے، مملکت خداداد پاکستان کے حکمران اور سیاست دان اگر رسول کریم (ص) کے اسوہ حسنہ پر عمل کریں تو ملک کو درپیش مشکلات اور دہشت گردی جیسے عفریت سے مکمل چھٹکارا ممکن ہے۔

علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ رسول اکرم (ص) کی ذات اقدس امت مسلمہ کیلئے نقطہ اتحاد ہے، ربیع الاول کا مقدس اور بابرکت مہینہ امت محمدی کے لئے اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین وطن عزیز میں عملی وحدت کی داعی جماعت ہے، ہم تمام مکاتب فکر کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کے لئے کوشاں رہے ہیں اور رہیں گے۔ علامہ باقر زیدی کا مزید کہنا تھا کہ امت مسلمہ کا اتحاد ہمارے مشترکہ دشمن امریکہ و اسرائیلی اور تکفیری عناصر کی جانب سے انتشار و نفرت پھیلانے کی مذموم سازشوں کو ناکام بنا سکتا ہے۔ علامہ باقر زیدی نے ملکی سیکورٹی صورت حال کے پیش نظر حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ جشن میلاد البنی (ص) کے جلسے، جلوسوں اور خصوصا محافل کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 825700
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش