QR CodeQR Code

بھارت کو متنازعہ اقدامات کا موقع ہم فراہم کر رہے ہیں، گلگت بلتستان اسمبلی میں بحث

5 Nov 2019 17:42

اسمبلی اجلاس میں بھارت کیخلاف پیش کی گئی ایک قرارداد پر بحث کے دوران اراکین اسمبلی جاوید حسین، محمد شفیع، غلام حسین ایڈووکیٹ اور دیگر نے کہا کہ گلگت بلتستان کو بہتر سالوں سے متنازعہ بنا کر رکھو گے تو بھارت کو موقع تو ملے گا۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے سیشن میں اراکین نے کہا ہے کہ خطے کو جتنی دیر تک متنازعہ بنا کر رکھو گے بھارت کو کھیلنے کا اور بھی موقع ملے گا۔ حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں بھارت کو موقع مل رہا ہے، ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے۔ منگل کے روز اسمبلی اجلاس میں بھارت کیخلاف پیش کی گئی ایک قرارداد پر بحث کے دوران اراکین اسمبلی جاوید حسین، محمد شفیع، غلام حسین ایڈووکیٹ اور دیگر نے کہا کہ بھارت کو موقع ہم فراہم کر رہے ہیں، گلگت بلتستان کو بہتر سالوں سے متنازعہ بنا کر رکھو گے تو بھارت کو موقع تو ملے گا، ہم نے اپنے خطے کو متنازعہ بنا دیا جبکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ بنا دیا اور اب وہ جی بی پر بھی دعویٰ کر رہا ہے۔ پاکستان سے الحاق کی قراردادیں اور مطالبات ایوان کی دیواروں کے درمیان سے کہیں گم ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کو منہ توڑ جواب دینے کا ایک ہی حل ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں فوری طور پر قراردادیں پاس کی جائیں اور جی بی کو پاکستان کا پانچواں آئینی صوبہ بنایا جائے۔ اراکین کا کہنا تھا کہ پاکستان اگر بھارتی اقدامات کے جواب میں فوری طور پر جی بی کو آئینی صوبہ بناتا تو بھارت کو مزید اقدامات کا موقع نہ ملتا۔


خبر کا کوڈ: 825748

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/825748/بھارت-کو-متنازعہ-اقدامات-کا-موقع-ہم-فراہم-کر-رہے-ہیں-گلگت-بلتستان-اسمبلی-میں-بحث

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org