QR CodeQR Code

آزاد کشمیر کی جامعات میں گلگت بلتستان کے طلباء کا کوٹہ دوگنا کر دیا گیا

6 Nov 2019 14:18

یونیورسٹی آف پونچھ میں گلگت بلتستان کے طلبہ کے لئے مختص 35 نشستوں کو بڑھا کر 73 نشستیں کر دی گئی ہیں۔ جامعہ کے بیچلر پروگراموں میں 18 اور ماسٹر پروگراموں میں 13 نشستوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے وزیراعلٰی اور گورنر کی درخواست پر آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے آزاد کشمیر کی سرکاری جامعات میں گلگت بلتستان کے طلباء و طالبات کے لئے مختص نشستوں میں دوگنا اضافہ کر دیا ہے۔ یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ کے بارہویں سینٹ کے اجلاس کی منظوری کے بعد جاری ہونے والے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی آف پونچھ میں گلگت بلتستان کے طلبہ کے لئے مختص 35 نشستوں کو بڑھا کر 73 نشستیں کر دی گئی ہیں۔ جامعہ کے بیچلر پروگراموں میں 18 اور ماسٹر پروگراموں میں 13 نشستوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ادھر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق آزاد کشمیر کی چار دیگر یونیورسٹیوں میں بھی جی بی کے طلبہ کے لئے نشستوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی بی کے طلبہ کی نشستوں میں اضافہ گورنر اور وزیراعلٰی جی بی کی درخواست پر کیا گیا ہے، جی بی کے طلبہ و طالبات کیلئے وہی سہولتیں مہیا کرینگے جو کشمیر کے طلباء کو حاصل ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 825860

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/825860/ا-زاد-کشمیر-کی-جامعات-میں-گلگت-بلتستان-کے-طلباء-کا-کوٹہ-دوگنا-کر-دیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org