QR CodeQR Code

 ہمارے پیارے نبی کی ولادت سے کائنات روشن و منور ہوگئی، امیر اظہر سعیدی 

6 Nov 2019 21:00

ملتان میں میلاد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اہلسنت رہنماوں کا کہنا تھا کہ آپ کی آمد سے جہالت و تاریکی کا خاتمہ ہوا، دنیا علم کے نور سے منور ہوگئی، آپ نے غریبوں، یتیموں اور بے سہاروں کو جینے کا ڈھنگ سکھایا، ربیع الاول جشن اور عید کا مہینہ ہے، اس ماہ مبارک میں امت مسلمہ اپنے پیارے نبی کی ولادت کے جشن پر خوشی سے نہال ہوتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ انجمن فکر اسلام و متحدہ میلاد کونسل کے زیراہتمام سالانہ فقیدالمثال میلادالنبی وختم نبوت ریلی سمیجہ آباد سے نکالی گئی، جس کی قیادت علامہ امیر اظہر سعیدی، مرزا ارشدالقادری، الحاج چوہدری ظفراقبال اویسی، مہر اظہر عباس چاون، قاری اختر سعیدی، مفتی محمد امین سعیدی، مفتی لیاقت ترابی، رکن الدین ندیم حامدی، راو عارف رضوی ودیگر نے کی۔ جبکہ جلوس میں قاری حنیف انصاری، پیر افضل فرید چشتی، قاری توفیق حامدی، ریاض درانی، مہر اکرام، مہر کاظم، سید مبارک شاہ، ملک جہانگیر مہے، مہر فیاض ایڈووکیٹ، ناصر گجر، قاری غلام جیلانی نقشبندی، انجینئر فخرالاسلام بھٹہ، علامہ سعیداختر، شفقت طلال تاشفین، عامر قادری، عثمان رفیق، محبوب علی قادری، مسعود علوی و دیگر نے شرکت کی۔ شرکاء جلوس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امیر اظہر سعیدی نے کہا کہ ہمارے پیارے نبی کی ولادت سے کائنات روشن و منور ہوگئی، ہمارے نبی کو اللہ پاک نے تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا، آج بھی حضور کے پیغام رحمت کو عام کرنے کی ضرورت ہے، متحدہ میلاد کونسل کے صدر مرزا ارشدالقادری نے کہا کہ آپ کی آمد سے جہالت و تاریکی کا خاتمہ ہوا، دنیا علم کے نور سے منور ہوگئی، آپ نے غریبوں، یتیموں اور بے سہاروں کو جینے کا ڈھنگ سکھایا۔ قاری محمد اختر سعیدی نے کہا کہ ربیع الاول جشن اور عید کا مہینہ ہے۔ اس ماہ مبارک میں امت مسلمہ اپنے پیارے نبی کی ولادت کے جشن پر خوشی سے نہال ہوتی ہے، ہر گھر میں خوشیوں کے ترانے ہوتے ہیں، کائنات ارض و سما کا زرہ زرہ نبی آخرالزمان کی ولادت پر خوشیاں مناتا ہے، پوری امت مسلمہ ولادت مصطفے کی نعمت عظمیٰ ملنے پر اظہار تشکر کے جذبات سے سرشار ہوتی ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 825960

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/825960/ہمارے-پیارے-نبی-کی-ولادت-سے-کائنات-روشن-منور-ہوگئی-امیر-اظہر-سعیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org