QR CodeQR Code

 بلاول بھٹو زرداری خواتین ورکرز اور پارٹی ورکرز کی امیدوں کا محورہیں، عابدہ حسین بخاری 

6 Nov 2019 22:14

ملتان میں خواتین کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی شعبہ خواتین ملتان کی صدر کا کہنا تھا کہ آج وقت کا تقاضا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کو چلتا کیا جائے کیونکہ ملکی نظم و نسق چلانا ان کے بس کی بات نہیں، پاکستان اس وقت بلاول بھٹو جیسی اعلیٰ قیادت کا منتظر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین ملتان شہر کی سٹی صدر عابدہ حسین بخاری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ جنوبی پنجاب و ملتان اس بات کا بین ثبوت ہے کہ جنوبی پنجاب پیپلزپارٹی کا گڑھ ہے، بلاول بھٹو زرداری یہاں کی عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیراعظم بن کر یہاں کے سلب شدہ حقوق کو بحال کرائیں گے، آج کی ریلی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہ جنوبی پنجاب کے حوالے سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہنے کیلئے نکالی گئی ہے، اس حوالے سے پیپلزپارٹی سے وابستہ خواتین ہراول دستہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہ جنوبی پنجاب و ملتان کے حوالے سے پریس کلب کے سامنے استقبالیہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ نصرت پروین، شمیم اختر، کشور لودھی، مہہ جبیں، روبینہ اختر، شازمہ صغیر، پروین اختر، رابعہ بتول، مس نازیہ و دیگر ریلی میں شریک تھیں۔ عابدہ حسین بخاری نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم اپنے چیئرمین قائد بلاول بھٹو زرداری کو دھرتی مدینتہ الاولیاء آمد پر نہ صرف خوش آمدید کہتی ہیں بلکہ میں یہ کہنا چاہوں گی کہ بلاول بھٹو زرداری خواتین ورکرز اور پارٹی ورکرز کی امیدوں کا محورہیں، ان کے آنے سے نہ صرف ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں بلکہ حقیقی معنوں میں دیکھا جائے تو پیپلزپارٹی کے اقتدار میں آنے سے ہی ملک میں تبدیلی آئے گی، یہ تبدیلی موجودہ حکمرانوں کے کھوکھلے دعوں کے بجائے حقیقت کا روپ دھارے گی، ملک ترقی کی نئی منازل کو چھوئے گا۔ عابدہ حسین بخاری نے کہا کہ آج وقت کا تقاضا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کو چلتا کیا جائے کیونکہ ملکی نظم و نسق چلانا ان کے بس کی بات نہیں اور پاکستان اس وقت بلاول بھٹو جیسی اعلیٰ قیادت کا منتظر ہے۔


خبر کا کوڈ: 825973

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/825973/بلاول-بھٹو-زرداری-خواتین-ورکرز-اور-پارٹی-کی-امیدوں-کا-محورہیں-عابدہ-حسین-بخاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org