QR CodeQR Code

میاں منظور وٹو کی ایرانی قونصل جنرل سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

7 Nov 2019 19:54

انجمن تعلقات پاکستان و ایران کے حوالے سے میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ ہم ان شااللہ اس ادارے کو فعال بنائیں گے، اس کے ذریعے ہم بڑے پیمانے پر اور دونوں ممالک کے درمیاں ہر سطح پر کام کر سکتے ہیں، اور اس میں بہت وسیع امکانات موجود ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، کاشتکاری، سول سوسائٹی، صحافت اور سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ انجمن تعلقات پاکستان و ایران کی سپریم کونسل کے چئیرمین اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو کی قونصل جنرل ایران لاہور محمد رضا ناظری سے ملاقات ہوئی۔ میاں منظور احمد وٹو نے کشمیر کے مسئلے پر ایرانی حکومت کے مضبوط موقف اور ایرانی پارلیمنٹ میں کشمیر کیلئے متفقہ قرارداد پاس کرنے پر ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی رہبر معظم آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کی کشمیریوں سے دلی اظہار ہمدردی اور دوٹوک موقف کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انجمن تعلقات پاکستان و ایران کے حوالے سے میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ ہم ان شااللہ اس ادارے کو فعال بنائیں گے، اس کے ذریعے ہم بڑے پیمانے پر اور دونوں ممالک کے درمیاں ہر سطح پر کام کر سکتے ہیں، اور اس میں بہت وسیع امکانات موجود ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، کاشتکاری، سول سوسائٹی، صحافت اور سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان شااللہ انجمن تعلقات پاکستان و ایران کو ملکی سطح پر لے جائیں گے اور اس سلسلے میں بھرپور اقدامات کریں گے۔ اس موقع پر تعلقات پاکستان و ایران کے صدر شبیر احمد شگری نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے دونوں مماک کی سطح پر کام کیا جائے گا اور اس کی ایک شاخ ایران میں بھی بنائی جائے گی جس سے دونوں ممالک کے درمیان ہر طرح کے روابط میں بھرپور پیشرفت اور عوام کے درمیاں ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہم ایک ویب سائیٹ بھی متعارف کر رہے ہیں جو کہ اردو اور فارسی زبان میں دونوں ممالک سے متعلق معلومات سے بھرپور سائیٹ ہوگی تاکہ دونوں ممالک کے عوام اس سے فائدہ اُٹھا سکیں۔

قونصل جنرل ایران محمد رضا ناظری نے انجمن تعلقات پاکستان و ایران کے قیام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور یہ ایک بہترین پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے ہم دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مستحکم اور دونوں برادر ہمسایہ ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ محمد رضا ناظری نے دونوں ملکوں کے درمیان وفود کے تبادلے اور سیاحتی، ثقافتی، تجارتی، تعلیمی شعبوں میں مشترکہ عملی اقدامات کرنے اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔


خبر کا کوڈ: 826006

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826006/میاں-منظور-وٹو-کی-ایرانی-قونصل-جنرل-سے-ملاقات-باہمی-دلچسپی-کے-امور-پر-تبادلہ-خیال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org