QR CodeQR Code

مولانا صاحب! وزیراعظم کا استعفٰی حلوہ نہیں جو پلیٹ میں رکھ کر پیش کر دیا جائے، شوکت یوسفزئی

7 Nov 2019 11:00

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ مولانا صاحب اسلاموفوبیا کو مضبوط کر رہے ہیں اور عمران خان سے مستفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ عمران خان پارلیمانی سسٹم کے ذریعے منتخب وزیراعظم ہیں، اسلئے کوئی مائی کا لعل ان سے استعفٰی نہیں لے سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ عمران خان پارلیمانی سسٹم کے ذریعے منتخب وزیراعظم ہیں، اس لئے کوئی مائی کا لعل اُن سے استعفٰی نہیں لے سکتا ہے۔ شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ پاکستان اسوقت تمام تر مشکلات کے باوجود معاشی طور پر مستحکم ہونے جا رہا ہے، عوام کی مشکلات میں کمی لانے کی کوشش ہو رہی ہے، مگر مولانا فضل الرحمٰن استعفٰی مانگنے آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب وزیراعظم کا استعفٰی حلوہ نہیں جو پلیٹ میں رکھ کر پیش کر دیا جائے گا، آپ کہتے ہیں اس حکومت نے قرضے لئے ہیں، ہم نے قرضہ آپ لوگوں کے دور میں لئے گئے قرضے کے اوپر سود ادا کرنے کیلئے لیا ہے، جبکہ آپ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے ادوار میں حکومت کے ساتھ رہے، اسوقت قرضہ 6 ہزار ارب سے 30 ہزار ارب پر پہنچا، اُسوقت آپ کو تکلیف کیوں نہیں ہوئی؟ شوکت یوسفزئی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے جنرل اسمبلی میں کوشش کی اور اسلام کے تشخص کو بہتر انداز میں پیش کیا، مولانا فضل الرحمٰن کو پتہ ہونا چاہیئے کہ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے، جمہوری نظام ہے، لیکن اس کے باوجود مولانا صاحب اسلاموفوبیا کو مضبوط کر رہے ہیں اور عمران خان صاحب سے مستفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ عمران خان پارلیمانی سسٹم کے ذریعے منتخب وزیراعظم ہیں، اس لئے کوئی مائی کا لعل ان سے استعفٰی نہیں لے سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 826023

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826023/مولانا-صاحب-وزیراعظم-کا-استعف-ی-حلوہ-نہیں-جو-پلیٹ-میں-رکھ-کر-پیش-دیا-جائے-شوکت-یوسفزئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org