0
Thursday 7 Nov 2019 20:59

جی بی اسمبلی میں انوکھا اقدام، کورم پورا ہوئے بغیر ہی بل کی منظوری دیدی گئی

جی بی اسمبلی میں انوکھا اقدام، کورم پورا ہوئے بغیر ہی بل کی منظوری دیدی گئی
اسلام ٹائمز۔ جی بی اسمبلی میں کورم پورا ہوئے بغیر ہی بل منظور کرنے پر قانونی سوالات پیدا ہو گئے۔ جمعرات کے روز اسمبلی میں سیپ اساتذہ کی مستقلی کا بل پیش کیا گیا، بل پر بحث کے بعد جب سپیکر کی جانب سے منظوری کا اعلان کیا گیا تو اس وقت ایوان میں صرف 10 اراکین موجود تھے، حالانکہ کورم پورا ہونے کیلئے گیارہ ممبران کی موجودگی ضروری تھی، جس پر اپوزیشن لیڈر محمد شفیع نے نشاندہی کی کہ کورم پورا نہیں، بل منظور نہیں ہو سکتا۔ اسپیکر نے اپوزیشن لیڈر کا مائیک بند کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیشہ مسائل پیدا کرتے ہو، بل پر جب بحث کی جا رہی تھی تو اراکین کی تعداد پوری تھی، بعد میں کورم پورا ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، چونکہ سب نے اس کی حمایت کی ہے تو یہ بل منظور کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی چائے کے وقفے کیلئے اجلاس ملتوی کیا گیا۔

وقفے کے بعد جب اراکین ایوان میں دوبارہ پہنچے تو اپوزیشن لیڈر کھڑے ہو گئے اور اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کے رولز آف بزنس میں کورم کے حوالے سے سب کچھ واضح ہے، آپ نے جب بل کی منظوری کا اعلان کیا اس وقت کورم پورا نہیں تھا، لہٰذا اس بل کی قانونی حیثیت کیا ہے۔ اسپیکر نے جواب دیا کہ شروع میں کورم پورا تھا، سب نے اپنی رائے کا اظہار کیا اور بل کی حمایت کی، بعد میں پورا ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، اس پر اپوزیشن لیڈر پھر کھڑے ہو گئے اور واک آؤٹ کرتے ہوئے کہا کہ جب کورم کی کوئی ضرورت ہی نہیں تو ہمارے بیٹھنے کا کیا فائدہ ہے۔ اپوزیشن لیڈر کے ساتھ رکن اسمبلی جاوید حسین بھی ایوان سے نکل گئے۔ اسپیکر نے اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 826158
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش