QR CodeQR Code

کوئٹہ میں گیس اور بجلی کا شدید بحران، کوئلہ اور لکڑی کی مانگ میں اضافہ

8 Nov 2019 11:44

عوامی حلقوں کے مطابق طویل عرصے سے گیس کے پریشر میں کمی سے مشکلات درپیش ہیں، اس سلسلے میں متعدد بار متعلقہ محکمے کے افسران کو شکایات درج کرائی گئیں مگر کوئی ازالہ نہیں کیا جارہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے اکثر علاقوں سے گیس غائب، بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔ سوئی گیس کے پریشر میں کمی کے باعث گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر کے اکثر علاقوں میں رات گئے تک سوئی گیس بالکل غائب رہتی ہے، خواتین کو تہجد کے وقت کھانا پکانا پڑرہا ہے، جبکہ طلباء و طالبات تعلیمی اداروں اور ملازمین دفاتر میں بغیر ناشتہ کئے جانے پر مجبور ہیں، عوامی حلقوں کے مطابق طویل عرصے سے گیس کے پریشر میں کمی سے مشکلات درپیش ہیں، اس سلسلے میں متعدد بار متعلقہ محکمے کے افسران کو شکایات درج کرائی گئیں مگر کوئی ازالہ نہیں کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی گیس کمپنی کے بھاری بل اور کم پریشر کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ عوامی حلقوں نے اعلٰی حکام سمیت متعلقہ ذمہ داروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کوئٹہ میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بے بھی معمولات زندگی متاثر کررکھی ہے۔ اکثر علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ تبدیل کرکے 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ شہریوں نے کہا کہ سردی کی شدت میں اضافہ سے گیس پریشر میں کم ہونا تو سمجھ آتا ہے مگر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے، انہوں نے حکام بالا سے 12 سے 14 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 826203

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826203/کوئٹہ-میں-گیس-اور-بجلی-کا-شدید-بحران-کوئلہ-لکڑی-کی-مانگ-اضافہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org