0
Friday 8 Nov 2019 17:00

فوجی ترجمان کی سیاسی صورتحال پر وضاحت دال میں کالا کے مترادف ہے، لیاقت بلوچ

فوجی ترجمان کی سیاسی صورتحال پر وضاحت دال میں کالا کے مترادف ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ فوجی ترجمان کی جانب سے سیاسی صورتحال پر بار بار وضاحت دال میں کالا کے مترادف ہے۔ افواج پاکستان قابل اعتماد قومی ادارہ ہے، پوری قوم کو ان سے محبت و احترام ہے، آئین کے پابند اداروں کی اہمیت، وقار اور قد کاٹھ خود ہی انہیں ہر شک و شبہ سے بالا کر دیتا ہے۔ نیب قوانین و نیب ادارہ متنازع ہیں، فوجی آمر جنرل مشرف نے مسلط کیا، زرداری اور نوازشریف دور میں متفقہ اصلاحات کی کوششیں نہ کی گئیں اب بھی وزیراعظم نے ترامیم کی ہدایات کی ہیں۔ احتساب کے ادارہ اور قوانین کو مکمل غیر جانبدارانہ بنانے کے لیے پارلیمنٹ متفقہ قوانین بنائے، انتقام اور جانبداری کا تاثر ختم کیا جائے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومتی بے حسی، سیاسی، سماجی قیادت کا تذبذب مسئلہ کشمیر کے لیے تازیانہ ہے، ہندوستان قدم بقدم کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ پختہ کرنے کے اقدامات کرتا رہا ہے اور ابھی تک عمران خان قومی کشمیر پالیسی اور سفارتی محاذ پر روڈمیپ واضح نہیں کر سکے۔ حکومت، پارلیمنٹ اور قومی قیادت مجرمانہ غفلت ترک کرے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک کی اقتصادی حالت مسلسل ابتر ہورہی ہے، مہنگائی کی شرح غریب اور متوسط طبقہ کے لیے موت کا پروانہ بنی ہوئی ہے، عوام کے گھر کا چولہا، بچوں کی تعلیم، یوٹیلٹی بلز ادا کرنے سے عاجز ہیں۔ بجلی، گیس، تیل، چینی، سبزیاں، انڈہ، مرغی، آٹا کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 25 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔ حکومتی جھوٹ عوام کے زخموں پر نمک ہے۔
خبر کا کوڈ : 826258
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش