QR CodeQR Code

نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست دائر

نواز، مریم، شہباز شریف لندن کوچ کرنے والے ہیں، رپورٹ

اسحاق ڈار نے لندن میں انتظامات مکمل کر لیئے

8 Nov 2019 17:59

نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے وزارت داخلہ میں درخواست جمع کرا دی گئی ہے، درخواست بیماری اور ملک سے باہر علاج کرانے کی بنیاد پر دی گئی ہے۔ درخواست شہباز شریف کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف علاج کے لیے ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے وزارت داخلہ میں درخواست جمع کرادی گئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے وزارت داخلہ میں درخواست جمع کرا دی گئی ہے، درخواست بیماری اور ملک سے باہر علاج کرانے کی بنیاد پر دی گئی ہے۔ درخواست شہباز شریف کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف علاج کے لیے ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست سیکرٹری داخلہ کو موصول ہو گئی ہے جس کے بعد وزارت داخلہ کے حکام درخواست کے قانونی پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں۔ دوسری جانب نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے نیب سے رابطہ کیا ہے۔

اس حوالے سے نیب اور محکمہ داخلہ میں طبی بنیادوں پر ای سی ایل سے نکالنے کے لیے مشاورت جاری ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس اگست میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی روشنی میں وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحب زادی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کیا تھا۔ العزیزیہ ریفرنس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت منظور کی تھی، عدالت نے اپنے فیصلے سابق وزیراعظم کی طبی بنیادوں پر 8 ہفتے کے لیے مشروط ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف 8 ہفتے میں علاج کروالیں، عدالت نے انہیں 20، 20 لاکھ کے 2 مچلکے جمع کرانے کی بھی ہدایت کی تھی۔ اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے بھی سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبی بنیاد پر درخواست ضمانت منظور کی تھی، جب کہ نیب کی جانب سے ضمانت کی مخالفت نہیں کی گئی۔

دوسری جانب نجی میڈیا گروپ نے اپنی رپورٹ میں امکان ظاہر کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز جلد ہی لندن روانہ ہو جائیں گے، جس کے لئے اسحاق ڈار نے لندن میں انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شریف خاندان اور (ن) لیگی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ نوازشریف کا علاج لندن سے کرایا جائے گا۔ (ن) لیگی ذرائع کے مطابق نواز شریف کے علاج کے لئے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لندن میں انتظامات مکمل کر لئے ہیں، نواز شریف کے ساتھ شہبازشریف بھی جائیں گے اور بیرون ملک علاج کے لئے پنجاب حکومت کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مریم نوازکا بھی نوازشریف کے ہمراہ بیرون ملک روانہ ہونے کا امکان ہے۔

مریم نوازکے پاسپورٹ کی واپسی کے لئے درخواست عدالت کے روبرو جمع کروائی جائے گی۔ وہ اپنے والد کی دیکھ بھال کے لئے بیرون ملک ہی قیام کریں گی۔ نواز شریف کے معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی بیرون ملک علاج کے لئے جانے کا مشورہ دیا اور شریف خاندان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی طبیعت سے متعلق رپورٹس ٹھیک نہیں۔ والدہ شمیم اختر نے نوازشریف سے کہا کہ بیرون ملک علاج کروایا جائے جب کہ شہباز شریف نے کہا کہ آپ کی صحت کے حوالے سے بہت فکر مند ہیں، علاج کروانا بہت ضروری ہے۔ اس متعلق مریم نوازنے کہا کہ حکومت نے ہمارے خلاف سب کچھ کرلیا لیکن کچھ ثابت نہ ہوا، کرپشن کیسز بنتے رہے لیکن کرپشن کا ایک روپیہ بھی ثابت نہ کرسکے۔


خبر کا کوڈ: 826270

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826270/نواز-مریم-شہباز-شریف-لندن-کوچ-کرنے-والے-ہیں-رپورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org