QR CodeQR Code

ماہ مقدس ربیع الاول برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے، اعجاز ہاشمی

8 Nov 2019 18:38

جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ اسلام کا حقیقی پیروکار بننے کے لیے ہمیں سیرت نبوی اور تعلیمات قرآن کو عملی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا، جس میں معاشرے کے معاشی اور سماجی مسائل کے حل کیلئے مواخات مدینہ اور ریاستی تحفظ اور دوسرے مذاہب کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع میثاق مدینہ بہترین مثالیں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ مقدس ربیع الاول برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے، جس میں سرور کونین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تشریف لائے اور دنیا کو امن وسلامتی سے بھر دیا، حضور کے وجود سے کائنات کی بقا ہے، امن سلامتی اور اسوہ حسنہ زندگی گزارنے کا طریقہ پیغمبر کی ذات مقدس سے حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا حقیقی پیروکار بننے کے لیے ہمیں سیرت نبوی اور تعلیمات قرآن کو عملی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ جس میں معاشرے کے معاشی اور سماجی مسائل کے حل کیلئے مواخات مدینہ اور ریاستی تحفظ اور دوسرے مذاہب کیساتھ زندگی گزارنے کا موقع میثاق مدینہ بہترین مثالیں ہیں، سید المرسلین آخری نبی اور اسلام آخری دین ہے، جس کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا اور وحی کا سلسلہ بند ہو چکا ہے۔ پیر اعجاز ہاشمی کا کہنا تھاکہ ختمی مرتبت اس دنیا کی عظیم ترین شخصیت ہیں اور حضور سرور کائنات کی غلامی سے بڑھ کر مسلمان کیلئے کوئی بڑا اعزاز نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی کے جلوسوں میں جے یو پی کے کارکن ملک بھر میں منعقد ہونیوالی تقریبات اور جلوسوں میں شرکت کریں گے اور ان کے انتظامات میں بڑھ چڑھ کا حصہ بھی لیں گے۔


خبر کا کوڈ: 826280

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826280/ماہ-مقدس-ربیع-الاول-برکتوں-اور-رحمتوں-کا-مہینہ-ہے-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org