QR CodeQR Code

باجوڑ، اے این پی رہنما کے گھر پر میزائل حملہ، 2 خواتین زخمی

8 Nov 2019 21:50

مولانا خان زیب نے دعویٰ کیا کہ جماعت الاحرار نامی گروہ کیجانب سے مسلسل دھمکیاں موصول ہورہی ہیں، جو کہ تحریک طالبان پاکستان کا ایک ذیلی گروہ ہے۔ دھمکیوں کیوجہ یہ ہے کہ قبائلی عمائدین اور خاص طور پر عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ گڈ اور بیڈ کی تفریق کے بغیر عکسریت پسند گروہوں کیخلاف جرات مندانہ موقف اپنایا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شیخ جہانزادہ کے گھر پر میزائل گرنے کے نتیجے میں 2 خواتین زخمی ہوگئیں۔ شیخ جہانزادہ کا گھر باجوڑ کی تحصیل نواگئی کے صدر مقام نواگئی میں واقع ہے اور یہاں سے تھوڑے فاصلے پر فرنٹئر کانسٹبلری کے ونگ کا ہیڈکوارٹر بھی قائم ہے۔ شیخ جہانزادہ کے چھوٹے بھائی مولانا خان زیب نے میڈیا کو بتایا کہ جمعہ کی صبح 8 بجے نامعلوم افراد نے میزائل داغا، جس سے گھر میں موجود دو خواتین زخمی ہوگئیں۔ واقعہ کے دوران شیخ جہانزادہ سمیت دیگر اہل خانہ بھی گھر پر موجود تھے مگر باقی افراد محفوظ رہے، جبکہ گھر کو نقصان پہنچا ہے۔ مولانا خان زیب کا کہنا ہے کہ زخمی خواتین کو فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتال پہنچایا جہاں ان کا علاج جاری ہے اور ڈاکٹروں نے حالت خطرے سے باہر بتائی ہے۔ میزائل حملے کے بعد مقامی پولیس افسران نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور شواہد اکھٹے کئے مگر تاحال یہ معلوم نہ ہوسکا کہ میزائل کس نے داغا ہے اور نہ ہی مقدمہ درج ہوا۔

شیخ جہانزادہ کے گھر یہ پہلا حملہ نہیں ہے، ان کے خاندان کو ایک عرصہ سے عسکریت پسند گروہ کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔ مولانا خان زیب نے بتایا کہ اس سے قبل 2018ء میں بھی نامعلوم افراد نے مارٹر گولے پھینکے جس کے باعث گھر کو نقصان پہنچا، مگر اہل خانہ محفوظ رہے۔ مولانا خان زیب نے دعویٰ کیا کہ جماعت الاحرار نامی گروہ کی جانب سے مسلسل دھمکیاں موصول ہورہی ہیں جو کہ تحریک طالبان پاکستان کا ایک ذیلی گروہ ہے۔ دھمکیوں کی وجہ یہ ہے کہ قبائلی عمائدین اور خاص طور پر عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ گڈ اور بیڈ کی تفریق کے بغیر عکسریت پسند گروہوں کے خلاف جرات مندانہ مؤقف اپنایا ہے، جس کے باعث قوم پرست سیاسی رہنما عسکریت پسندوں کی نظروں میں کھٹکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 826313

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826313/باجوڑ-اے-این-پی-رہنما-کے-گھر-پر-میزائل-حملہ-2-خواتین-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org