QR CodeQR Code

اگر قوم کی قربانیاں نہ ہوتیں تو فوج قیام امن کا ہدف حاصل نہ کر سکتی، مولانا فضل الرحمان

8 Nov 2019 23:15

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے اسلام آباد میں دھرنے سے خطاب میں کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں آزادی مارچ کیلئے ایک پیج پر ہیں، سیاسی جماعتوں کے رہنماء روز آزادی مارچ میں شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جعلی اسمبلی بنائی گئی جو جعلی قانون سازی کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو پیغام دیا کہ استعفیٰ لے کر آؤ ورنہ نہ آؤ، حکومتی وزراء کا لب و لہجہ مفاہمت نہیں تصادم کی طرف جاتا ہے۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن میں جاری دھرنے سے خطاب میں کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں آزادی مارچ کیلئے ایک پیج پر ہیں، سیاسی جماعتوں کے رہنماء روز آزادی مارچ میں شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جعلی اسمبلی بنائی گئی جو جعلی قانون سازی کر رہی ہے، ایسی جعلی اسمبلی کی قانون سازی جعلی ہے، جعلی وزیراعظم کے ایگزیکٹو آرڈرز بھی جعلی ہیں، جن کو کوئی تسلیم نہیں کرے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں یہ وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ ان جعلی قوانین کی کوئی حیثیت نہیں، ایڈہاک ازم پر ملک نہیں چلتے، ملک کو ایسے لوگوں سے فارغ کرنا چاہیے، پاکستان کی پارلیمنٹ کو متنازع بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، ہماری افواج پاکستان نے امن کیلئے قربانیاں دی ہیں، افواج پاکستان قربانیوں کے نتیجے میں قوم کو امن دیں گے، اگر قوم کی قربانیاں نہ ہوتیں تو فوج اس ہدف کو حاصل نہ کر سکتی۔ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ قربانیاں اس لیے نہیں دی کہ ایسے نااہل لوگ حکمرانی کریں گے، ایسے حکمرانوں کو ملک پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قبضہ گروپ کیلئے نہیں بنا، پاکستان کیلئے فیصلہ پاکستانی عوام نے کرنا ہے۔


خبر کا کوڈ: 826323

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826323/اگر-قوم-کی-قربانیاں-نہ-ہوتیں-فوج-قیام-امن-کا-ہدف-حاصل-کر-سکتی-مولانا-فضل-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org