0
Saturday 9 Nov 2019 00:02

پنجاب کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موبائل کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی

پنجاب کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موبائل کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی
اسلام ٹائمز۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موبائل کے استعمال پر پابندی لگا دی۔ محکمے کی جانب سے صوبے کے تمام اضلاع کی تعلیمی انتظامیہ کے چیف ایگزیکٹو افسران کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے دور رکھنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے موبائل فون اور سوشل میڈیا تک رسائی کے دیگر ذرائع پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ مراسلے میں افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کو ذاتی طور پر دیکھیں اور اپنی ماتحت انتظامیہ سے اس پابندی پر سختی سے عمل کروائیں۔ واضح رہے کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں تمباکو نوشی پر بھی پابندی عائد ہے۔ اکتوبر 2018ء میں لاہور ہائی کورٹ نے صوبے کے تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر میں سگریٹ نوشی پر پابندی کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کا حکم بھی دیا تھا۔ خیال رہے کہ تعلیمی اداروں کے حوالے سے یہ دیکھا گیا ہے کہ اکثر نوجوان موبائل فون کے استعمال کے ذریعے منشیات فروشوں سے رابطے میں آتے ہیں جس سے نہ صرف ان نوجوانوں کا مستقبل تباہ ہونے کا خطرہ رہتا ہے بلکہ تعلیمی اداروں کے ماحول پر بھی بُرا اثر پڑتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 826329
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب